ڈیرہ غازی خان؛ محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

27

ڈیرہ غازی خان،15جولائی(اے پی پی):ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

 ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی ہدایت پر  چاروں اضلاع میں عزاداری کے 1359 روائتی، لائسنسی جلوس اور 4649 مجالس منعقد ہوں گی۔ 23 ڈی ایس پیز، 325 انسپکٹرز سب انسپکٹر سمیت 11057 پولیس افسران سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ اس کے علاوہ چاروں اضلاع میں 80 افراد کی زبان بندی اور 157 اشخاص کی ضلع بندی کے احکامات بھی جاری کر دئے گئے ہیں۔

 قانونی نافذ کرنے والے ادارے اشتعال انگیز تقاریر یا تحریری مواد، فرقہ وارانہ بیانات و مواد، وال چاکنگ اور پوسٹر کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں گے۔

اس حوالے سے آر پی او سجاد حسن خان نے کہا کہ ضلع ڈیرہ غازی خان میں عزاداری کے 463 روائتی و لائسنسی جلوس اور 940 مجالس منعقد ہوں گی جن کی سکیورٹی کے لیے 1336 افسران مامور کیئے گئے ہیں اور مظفر گڑھ میں عزاداری کے 546 روائتی و لائسنسی جلوس اور 1240مجالس منعقد ہوں گی جن کی سکیورٹی کےلئے 2543 افسران مامور ہیں۔راجن پور میں عزاداری کے217 روائتی و لائسنسی جلوس اور 535 مجالس منعقد ہوں گی جن کی سکیورٹی کے لیے 1138 افسران تعینات کیئے گئے ہیں جبکہ ضلع لیہ میں عزاداری کے133 روائتی و لائسنسی جلوس اور1934 مجالس منعقد ہوں گی جن کی سکیورٹی کے لیے 1103 افسران فرائض سرانجام دیں گے اس کے علاوہ 2082 میل و فی میل ولینٹئرز پولیس کی معاونت کریں گے ۔

آر پی او نے کہا کہ مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی کو مسلسل مانیٹر کرنے کے لیے آرپی او آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہےجو 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب و مسالک کے افراد محرم الحرام پر تحمل اور برداشت کا دامن کسی صورت نہ چھوڑیں اور باہمی اخوت، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء کو برقرار رکھیں۔