اٹک،15 جولائی (اے پی پی):پنجاب حکومت کی ہدایات کی روشنی میں یوم انسداد ڈینگی کے حوالے سے عوامی آگاہی کے لیے ضلع اٹک میں واک اور سیمینارز منعقد کیے گئے۔جس میں ضلعی و تحصیل انتظامیہ کے افسران اور مختلف شعبہ ہاۓ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شر کت کی۔
یوم انسداد ڈینگی کے حوالے سےمیونسپل کمیٹی ہال اٹک میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی، تقریب میں چیف آفیسربلدیہ اٹک مبارک علی خان،ڈسٹرکٹ اینٹومولوجسٹ محمد شفیق مغل مختلف محکموں کے افسران اور افراد نے شر کت کی۔
اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے مقررین نے کہاکہ دنیاکی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ قدرتی آفات نے اس کرہ ارض پر لا تعداد مرتبہ لاکھوں انسانی جانوں کو بھاری نقصان پہنچایا،خواہ وہ کسی زلزلہ، طوفان، وبائی امراض یا کسی اور صورت میں ہوں اور اس حقیقت سے بھی کوئی ذی شعور شخص ناواقف نہیں ہے کہ دنیا میں اب تک مچھر کے کاٹنے سے ہونے والے اموات کا تناسب زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مچھر ایک ایسا انسانی دشمن ہے جس سے کئی وبائی امراض میں مبتلاء ہو کر لوگ اپنی زندگی کی بازی ہارے،اس نے ہمیشہ کسی نہ کسی صورت میں تباہی برپا کی،ترقی یافتہ ممالک نے بڑی حدتک پلاننگ اور منصوبہ بندی سے اس کے خلاف حفاظتی اقدامات کئے ہیں،مگر اب بھی یہ کسی نہ کسی صورت میں اس ترقی یافتہ معاشرے میں بھی کوئی نہ کوئی مرض پھیلا کر نقصان پہنچاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کیونکہ معتدل موسم کا تناسب ملک کے دیگر علاقوں کی نسبت زیادہ ہے اس لئے پنجاب میں اس نے سب سے زیادہ نقصانات کئے۔اس سلسلے میں پنجاب حکومت نے اس سال ڈینگی سیز ن میں صوبہ بھر میں عوام الناس کی آگاہی کے لیے بھر پور مہم شروع کر نے کا اعلان کیا ہے۔اس ضمن میں آج ضلع بھریوم انسداد ڈینگی منانے کا آغاز کیا گیا ہے اور اسی سلسلے میں آج ضلع اٹک میں تقریبات منعقد کی جار ہی ہیں۔
محکمہ صحت کے افسران نے بتایا کہ ڈینگی سیزن میں تمام متعلقہ محکمے ہمہ وقت اس بارے میں چوکس رکھے گئے ہیں صوبے کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور تمام ڈویژنل کمشنرکی نگرانی میں ایسی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر اس صورتحال کا جائزہ لیکر رپورٹ اعلیٰ تک پہنچاتے ہیں۔ہفتہ وار بنیادوں پر ڈپٹی کمشنر کے آفس میں اجلاس منعقد کر کے اس صورتحال کا جائزہ لیا جاتا ہے اور جہاں کہیں بھی اس خطرہ محسوس ہو وہاں پر فوری اقدامات اٹھا ئے جاتے ہیں۔محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہر وقت الرٹ رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ضلع بھر میں مکمل آگاہی مہم جاری ہے جس میں عوام کو ڈینگی سے محفوظ رہنے کے لیے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جارہا ہے اوراپیل کی جارہی ہے کہ اپنے آس پاس کا ماحول صاف اور خشک رکھیں۔
تقریب کےبعدآگاہی واک کااہتمام بھی کیاگیا۔











