راجن پور،15 جولائی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر راجن پور ڈاکٹر منصور احمد خان بلوچ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرراجنپور کیپٹن (ر) دوست محمد نے دریائے سندھ پر پانی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کیا۔انہوں نے دریائے سندھ کے حفاظتی پشتوں اور دریا میں بہنے والے پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمہ آبپاشی کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ مون سون بارشوں کے دوران دریائے سندھ میں متوقع سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے حفاظتی پشتوں کی مضبوطی کے پیشگی اقدامات کریں اور پانی کے بہاﺅ کی مسلسل نگرانی کریں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے، شہریوں کے تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اس موقع پر محکمہ آب پاشی کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ انہار پانی کی آمد پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے۔ اس وقت کوٹ مٹھن میں دریائے سندھ میں پانی کا اخراج 1لاکھ 84 ہزار کیوسک ہے۔دریائے سندھ میں پانی کی درجہ بندی کے مطابق نارمل پوزیشن ہے۔ضلع راجن پور میں سیلاب کی کوئی خاص صورتحال پیدا ہونے کی توقع نہیں ہے کیونکہ چناب اور ستلج کا سیلابی ریلہ الگ الگ دریائے سندھ میں شامل ہو جائے گا۔











