شیخوپورہ،15 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے جتنا کام فروغ تعلیم کیلئے کیا اس کی سابقہ کسی بھی دور حکومت میں مثال نہیں ملتی، وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں شعبہ تعلیم میں اصلاحات کا انقلاب برپا کیا ہے، سابق حکومت نے جو ملک کی بربادی کی وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں انکی پوری ٹیم نے اس سے قوم کو نجات دلائی ہے اورتمام شعبوں میں بہتری لائی گئی ہے ، ہم وزیر اعظم کی قیادت میں تمام چیلنجز کا مقابلہ کر رہے ہیں، عمران خان کے 9 مئی والے کردار کو کسی صورت معافی نہیں ملنی چاہیے ، قومی تنصیبات پر حملہ کرنے والے اور ماسٹر مائنڈ کے ساتھیوں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ میں 25 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کیمپس کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا ناصر محمود، ڈائریکٹر جنرل پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن پی آئی ای ڈی او ڈاکٹر محمد شاہد سرویا، نواز لیگ پی پی 142کے امیدوار چوہدری شہباز چھینہ، چوہدری سرفراز احمد چھینہ، ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ملک توقیر احمد، ریجنل ڈائریکٹر جاوید اقبال، ڈاکٹر بشیر احمد، ڈاکٹر سید باکر ہمدانی اور دیگر شرکاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔
وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ پوری دنیا میں اب روائتی تعلیم کی بجائے ہنرمند تعلیم کے حصول میں نوجوانوں کا مستقبل پنہاں ہے، جدید دور میں ٹیکنیکل افراد کی ڈیمانڈ روز بروز بڑھتی جا رہی ہے اور ٹیکنیکل تعلیم کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 25 ملین بچے سکولوں سے باہر ہیں، تاہم میں نے ایک سال کے اندر اسلام آباد کے سکولوں میں پوری دلجمعی سے90 ہزار بچوں کو سکولوں میں داخل کر کے سکولوں سے باہر رہنے والے بچوں کی تعداد صفر کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن ایجوکیشن کے طریقہ کار کو مستقل طور اپنایا گیا ہے، تاہم ای سکولنگ کا سلسلہ بھی جاری ہوچکا ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ شیخوپورہ کے علاقہ مریدکے میں یونیورسٹیوں کا حب بنادیا گیا ہے، شیخوپورہ کے علاقہ شرقپور شریف میں قائداعظم یونیورسٹی کے کیمپس کا افتتاح چندروز میں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور انکی ٹیم شعبہ تعلیم پر خصوصی فوکس کرکے آنے والی نسلوں کیلئے مستقبل کو درخشندہ بنا رہی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رانا ناصر محمود نے کہا کہ ہم نے شیخوپورہ کے علاقہ نارنگ منڈی میں بھی اوپن یونیورسٹی کا سنٹر کھول دیا ہے تاکہ دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبا وطالبات زیور تعلیم سے آراستہ ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی طرف مستحق، غریب یتیم اور امتحانی نتائج میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء وطالبات میں تقریباً 10 کروڑ روپے کی خطیر رقم سکالر شپ اور فیس میں کمی کی صورت میں تقسیم کی جارہی ہے۔











