لاہور، 16 جولائی (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے ورلڈ بدھسٹ یونیورسٹی کے اعزازی ریکٹر انیل سکیا نے تھائی لینڈ کے سفیر چکرد کراچیوانگ اور وفد کے ہمراہ اتوار کو یہاں گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے ورلڈ بدھسٹ یونیورسٹی کے اعزازی ریکٹر انیل سکیا اور تھائی لینڈ کے سفیر چکرد کراچیوانگ کو پاکستان، پنجاب اور تاریخی شہر لاہور میں خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ تمام انسانوں کو ایک دوسرے کی بھلائی اور بہتری کی سوچ رکھنی چاہیے،مختلف تہذیب و تمدن کے لوگوں کو آپس میں روابط بڑھانے چاہئے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کی عوام کے درمیان قدیمی تعلقات ہیں اورآج بھی اس خطے سے گئے تھائی پٹھان ان روابط کی پہچان ہیں۔گورنر پنجاب نے اس عزم اور خواہش کا اظہار کیا کہ سیاحت بالخصوص مذہبی سیاحت اور ثقافتی سیاحت کو فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام تمام سیاحوں کو خوش آمدید کہتی ہے۔ انہوں نے کہا نہ صرف ٹیکسلا میں بدھا کی یادگاریں موجود ہیں بلکہ لاہور میوزیم میں فاسٹنگ بدھا دنیا کہ قیمتی ترین اور عجیب نوادرات میں شمار ہوتا ہے۔
محمد بلیغ الرحمن نے بتایا کہ گورنر ہائوس میں 1895سے نصب شدہ بدھا پیالہ اور 1962 میں تھائی لینڈ کے بادشاہ، ملکہ اور شہزادی کے لگائے ہوئے پودے جو آج تنا آور درخت بن چکے ہیں موجود ہیں جنہیں تھائی لوگ شوق سے دیکھنے آتے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مل جل کر اس دنیا میں محبتوں کو فروغ دینا نفرتوں کا خاتمہ اور دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانا ہے۔
ورلڈ بدھسٹ یونیورسٹی کے اعزازی ریکٹر انیل سکیا نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستان میں 11سے 13 جولائی کو گندھارا سیمپوزیم منعقد کیا گیا جو کہ کلچرڈپلومیسی پر اہم اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ان کے قیام کے دوران بہت محبت دی اور وہ تھائی لینڈ واپس جا کر پاکستانی عوام کی محبت کا پیغام تھائی عوام تک پہنچائیں گے۔











