عشرہ محرم کے دوران تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پرسکون ماحول برقرار رکھا جا ئے گا؛صوبائی وزرا کی پریس کانفرنس

38

فیصل آباد ،16 جولائی (اے پی پی):نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پرعشرہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی سمیت بھائی چارے، اخوت و یگانگت اورمذہبی ہم آہنگی کی فضا کے فروغ کیلئے قائم کی گئی سٹینڈنگ کابینہ کمیٹی برائے لااینڈ آرڈر پنجاب کے چیئرمین و نگراں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن منصور قادرنے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال برقراررکھنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی اورسکیورٹی انتظامات کو بہتر طریقے سے سرانجام دیا جا ئے گاجبکہ اس دوران سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کے ساتھ ساتھ انتظامیہ و پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار ہائی الرٹ رہیں گے تاکہ کسی کو بدامنی پھیلانے کا موقع نہ مل سکے جبکہ تمام مسالک کے علماسے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس دوران اپنا مثبت کردار ادا کرتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی کوفروغ دیں تاکہ محرم الحرام کو امن و آشتی سے گزارنا یقینی ہوسکے۔

وہ اتوار کی سہ پہرمیونسپل کارپوریشن ہال فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر نگراں صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، صوبائی وزیر اوقاف سید اظفر علی، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاوید اکرم، کمشنر فیصل آباد سلوت سعید، سٹی پولیس آفیسر عثمان اکرم گوندل اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ علما سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنا مسلک نہ چھوڑیں اور دوسروں کا مسلک نہ چھیڑیں کی پالیسی پر کاربند رہتے ہوئے حکومت کا تمام ممکن ساتھ دیں تاکہ کسی کو بدامنی یا شرپسندی کا موقع نہ مل سکے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں صوبائی،ڈویژنل و ضلعی سطحوں پر کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے جو ہمہ وقت فعال رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر و استقامت، قربانی اور برداشت کا درس دیتا ہے لہٰذا عشرہ محرم کے دوران تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پرسکون ماحول برقرار رکھا جا ئے گا۔

انہوں نے کہا کہ کمشنر فیصل آباد اور پولیس حکام کی جانب سے انہیں محرم میں امن و امان کی صورتحال برقراررکھنے کے بارے میں کئے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی گئی ہے جبکہ انہوں نے علمائے کرام اور تاجروں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں اور ان کی جانب سے جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے اس کے فوری حل کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عشرہ محرم کے دوران ایسی حکمت عملی مرتب کی جا ئے گی کہ تاجروں کا کاروبار بھی متاثر نہ ہو اور پرسکون طریقے سے مکمل حفاظت کے ساتھ مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ بھی جاری رہے۔

 مہنگائی کے حوالے سے حکومتی اقدامات بارے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ پایہ تکمیل کو پہنچ گیا ہے جس کے ہفتہ دس دن کے اندر اندر حکومت نے عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح ریلیف دیا ہے جبکہ آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھا جا ئے گااور حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دے گی۔ انہوں  نے کہا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ آئندہ آنیوالے دنوں میں اس ضمن میں مزید بہتری آئے گی۔

صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 9 مئی کے روزپنجاب پولیس کی جانب سے کوئی کوتاہی نہیں کی گئی لیکن چونکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایت تھی کہ مشتعل شرپسندوں پر گولی نہ چلائی جائے کیونکہ اگر گولی چلائی جاتی اور اس سے کوئی نقصان ہوجاتا تو سب نے کہنا تھا کہ گولی چلادی گئی لہٰذا طے شدہ حکمت عملی کے تحت گولی چلانے سے گریز کیا گیا تاہم جب فیصل آباد میں ایک حساس ادارے کے دفتر اور وفاقی وزیر داخلہ کے ڈیرے پر حملہ ہوا تو ممکنہ حد تک اس کا بچاؤ کیا گیا وگرنہ زیادہ نقصان ہوسکتا تھا۔

ایک اور سوال کے جواب میں عامر میر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ذمہ داران میں سے 58 کے خلاف کیس ملٹری کورٹ میں ہے جبکہ دیگر مقدمات میں بھی سینکڑوں لوگ زیر حراست ہیں جن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو کسی نے  غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب وقت آئے گا تو انہیں اپنے کئے کا کفارہ ادا کرنا ہوگا۔

 صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم نے محکمہ صحت کے ملازمین اور پیرامیڈکس کی ہڑتال کے حوالے سے کہا کہ چونکہ وہ خود ڈاکٹر ہیں اسلئے جب وہ اس پروفیشن میں آتے ہیں تو حلف اٹھاتے ہیں کہ کسی مریض کو تکلیف نہیں پہنچنے دیں گے ، اسلئے پہلے نمبر پر تو انہیں ہڑتالوں سے گریز کرنا چاہیے اور دوسرے نمبر پر یہ کہ ان کی متعلقہ افراد سے بات چیت ہوئی ہے اور ان کے جو مسائل ہیں ان سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کردیا گیا ہے لہٰذا جلد ان مسائل کو حل کردیا جا ئے گا۔ہسپتالوں میں ادویات کی عدم فراہمی سے متعلق انہوں نے کہا کہ تمام ہسپتالوں کی انتظامیہ کو اجازت دیدی گئی ہے کہ وہ اپنے طور پر ضروری ادویات خرید سکتے ہیں تاہم جہاں تک ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کا تعلق ہے چونکہ زیادہ تر ادویات اور کیمیکلز باہر سے آتے ہیں اسلئے ڈالر کی قیمت میں اضافہ سے ان کی قیمتوں میں بھی کچھ اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ہم مریض کے ساتھ کھڑے ہونگے لیکن ڈاکٹروں نے جو احتجاج کیا اس پر جائز مطالبات کا بھی حل ممکن بنایا جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دوائیوں کی کوئی مینوفیکچرنگ کمپنی نہیں اسلئے ادویات کی قیمتیں کم زیادہ ہورہی ہیں لیکن ہم ان میں توازن یقینی بنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں تاکہ مریضوں کو مالی بوجھ سے بچایا جاسکے۔

کمشنر و سی پی او فیصل آباد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فلیش پوائنٹس کیلئے تمام ممکن اقدامات کرلئے گئے ہیں اور مشکوک افراد سے شورٹی بانڈ بھی لئے گئے ہیں جبکہ روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشن جاری اور کرایہ داروں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔

صوبائی وزرا نے میڈیا نمائندگان سے بھی محرم میں امن برقرار رکھنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔