ڈی جی خان ؛آرپی او اور کمشنر کی زیر صدارت محرام الحرام کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

9

ڈیرہ غازی خان،17 جولائی(اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

 اس دوران کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران جلوس و مجالس میں شرکاءکی سہولت کے لئے تمام محکموں کا سٹاف ہمہ وقت حاضر رہے اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی اور لائٹنگ کا بہترین انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کی مشینری کو مکمل متحرک کیا جائے۔

 ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے کہا کہ علاقہ بھر میں محرم الحرام کے دوران حساس مقامات، اہم تنصیبات، چائینز شہریوں کی سکیورٹی ، مذہبی مقامات اوربین الصوبائی چیک پوسٹوں پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ تمام مجالس اور جلوسوںکو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے۔مجالس اور جلوسوں کے راستوں کی سکریننگ اور سکینگ کو بذریعہ سپیشل برانچ اور بم ڈسپوذل اسکواڈ یقینی بنایا جائے گا، جلوسوں اور مجالس کی ویڈیو ریکارڈنگ اور مرکزی جلوسوں کے روٹ پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے ، اسلحے کی نمائش اور قانون شکنی کے مرتکب افراد کے خلاف بلا تفریق قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور حکومت کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق و اوقات کار کی پابندی پر عملد رآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ آر پی او نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ماہ محرم کو پرامن بنائیں گے۔ اجلاس میں ڈسٹر کٹ پولیس آفیسران و ڈپٹی کمشنرز ڈیرہ غازی خان ،راجن پور ،لیہ اور مظفرگڑھ سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔