کوئٹہ۔ 17 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ملک نعیم بازئی اور چیف سیکرٹری بلوچستان عبد العزیز عقیلی نے کوئٹہ میں گرین بس سروس کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ گرین بس سروس کے سلسلے میں مقامی بسوں کے مالکان کے تحفظات کو سنا گیا ہے اور انہیں اعتماد میں لے کر گرین بس سروس کا افتتاح کیا جارہا ہے۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ پہلے فیز میں 8 بسیں بلوچستان یونیورسٹی سے بیٹمز یونیورسٹی تک چلائی جارہی ہیں ،اگلے فیز میں میاں غنڈی ،سبزل روڈ اور بروری سے لے کر بلیلئ تک بس سروس چلائی جا ئے گی جس سے طلبہ اور معمر افراد بہترین سفری سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں اور اس سروس میں مزید 20 بسیں جلد شامل کررہے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں سریاب روڈ، بروری روڈ ،سبزل روڈ سے لے کر میاں غنڈی تک بس سروس چلائے جائےگی ۔ انہو ں نے کہا گرین بس سروس جامعہ بلوچستان سے شروع ہوکر زرغون روڈ،انسکم روڈ،کوئلہ پھاٹک اور ایئررپورٹ پر اختتام پذیر ہو گی، اس پراجیکٹ کے تحت بسوں میں کمی کی وجہ سے پورے شہر میں گرین بس سروس کا آغاز نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ گرین بس سروس صبح 7 تا رات 8 بجے تک چلائی جائے گی۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ گرین بسوں کے حوالے سے مقامی ٹرانسپورٹرز کے ساتھ بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں گے۔











