کوئٹہ،19 جولائی (اے پی پی ): کوئٹہ کسٹمز نے اسمگلنگ کے خلاف جاری کارروائیوں میں 13 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی چھالیہ اور انڈین گوٹکا برآمد کر لیا ہے۔
ترجمان پاکستان کسٹمز بلوچستان ڈاکٹر عطا بڑیچ کے مطابق کسٹم کوئٹہ کے موبائل سکواڈزنے اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائی کے دوران افغان بارڈر سے آنے والی 22 ویلر کنٹینر کو سریاب روڈ پر روک کر اس سے ممنوعہ اشیاء برآمد کیں، 30760کلو گرام چھالیہ اور انڈین گوٹکا کے 660000 ساشے برآمد جبکہ 22 ویلر کنٹینر بھی قبضے میں لیا گیا ۔
کارروائی کلیکٹر انفورسمنٹ کوئٹہ عرفان اللہ خان کی ہدایات پر ایڈشنل کلیکٹر عمر شفیق اور ڈپٹی کلیکٹر معید کا نجو کے زیر نگرانی انسپکٹر مسعود جمالی، انسپکٹر فراز فیاض، انسپکٹر علی کامران اور کلاس فور اسٹاف نے سر انجام دی۔
کلیکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ عرفان اللہ خان اور دیگر افسران بھی کاروائی کے فورا بعد اسٹاف کی حوصلہ افزائی کے لئے موقع پر پہنچ گئے ۔پے در پے اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں نے اسمگلروں کی کمر توڑ دی اور اسمگلنگ کی شرح میں اچھی خاصی کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔
ممبر کسٹم آپریشن زیبا حئی اظہر اور چیف کلیکٹر بلوچستان محمد سلیم کی سخت ترین ہدایات کی روشنی میں اسمگلروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جارہی ہے۔