ملتان ،19 جولائی(اے پی پی): محکمہ زراعت جنوبی پنجاب کے تحت حالیہ مون سون موسم کے دوران شجرکاری مہم کا آغازکردیا گیا ہے ۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے ایگری کلچر کمپلیکس کے مرکزی دروازے پر ساگوان کا پودا لگاکر شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کی ہدایت پر ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کے تحت جنوبی پنجاب میں شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، مون سون سیزن میں محکمہ زراعت جنوبی پنجاب کے تحت 1 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے، اس سلسلہ میں آج ایگریکلچر کمپلیکس میں مختلف انواع و اقسام کے 3 ہزار سے زائد پودے لگائے گئے ہیں۔
سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے مزید کہا کہ شجرکاری مہم پاکستان کیلئے بہت اہم ہے کیونکہ درخت فضا ءکے پھیپھڑے ہوتے ہیں اور ایک درخت 10 انسانوں کو آکسیجن مہیا کرتا ہے، صاف ستھرا ماحول ہماری آنے والی نسلوں کیلئے بے حد اہمیت کا حامل ہے، موسمیاتی تبدیلیاں، ماحولیاتی آلودگی اور گلوبل وارمنگ کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے شجرکاری ضروری ہے۔
سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہاکہ شجر کاری کے مثبت اثرات زراعت، صحت اور آبپاشی کے نظام پر مرتب ہوں گے اگر ہر فرد اس کام کو قومی فریضہ کے طور پر سرانجام دے تو آئندہ برسوں میں پاکستان ایک ماحول دوست ملک کا روپ دھار لے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جنگلات کو اہمیت نہ دینے کی وجہ سے ایکو سسٹم عدم توازن کا شکار ہوا جس سے ماحولیاتی آلودگی میں ناقابل تلافی اضافہ ہوا۔
سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہاکہ درخت صحت مند ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عوام الناس کے روزگار کا بھی بہترین ذریعہ ہیں، کاشتکاروں کو بھی زرعی رقبوں پر مخصوص اقسام کے پودے لگانے کی ترغیب دی جارہی ہے، سرکاری زرعی فارمز پر بھی شجرکاری مہم کے تحت زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں گے، تیز بڑھوتری اور بہتر نشوونما کیلئے ان پودوں کی حفاظت،نگہداشت اور آبیاری جاری رہے گی۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ مون سون کے اس موسم میں اپنے والدین اور اپنے بچوں کے نام ایک ایک پودا لگادیں تو یہ نہ صرف صدقہ جاریہ ہو گا بلکہ اگلی نسل کو بہترین ماحول دے سکتے ہیں۔
وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ شجرکاری مہم میں زرعی یونیورسٹی بھی محکمہ زراعت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایگریکلچر کمپلیکس میں لگائے گئے پودوں کی حفاظت کیلئے محکمہ زراعت کے ساتھ ایم این ایس زرعی یونیورسٹی بھی بھرپور تعاون کرے گی۔
اس موقع پرایڈیشنل سیکرٹری زراعت ایڈمن جنوبی پنجاب طارق کریم کھوکھراور ڈائریکٹر جنرل (واٹر مینجمنٹ) ظفر اللہ سندھو سمیت دیگر افسران و اہلکاروں نے بھی پودے لگائے۔











