گورنر غلام علی کا حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاورکا دورہ، باڑہ تحصیل میں پولیس سٹیشن پر دھماکے میں زخمیوں کی عیادت

8

پشاور،20 جولائی(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس دہشتگردی کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔عوام کے تعاون سے یہ جنگ پاکستان و ادارے جیتیں گے۔دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز و پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنرنے ایچ ایم سی دورہ کے دوران ضلع خیبر کی باڑہ تحصیل کمپاؤنڈ میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ نگران صوبائی وزراء حاجی فضل الٰہی، حاجی منظورآفریدی، شفیع اللہ خان، رحمت سلام خٹک اور سابق صوبائی وزیرمولانا امان اللہ حقانی بھی گورنر کے ہمراہ تھے۔ گورنر اس موقع پر دھماکہ کے زخمی پولیس اہلکاروں سے فرداً فرداً ملاقات کی ان کا حوصلہ بڑھایا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی، گورنر نے اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو تمام تر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ہسپتال کے احاطہ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ہسپتال میں تمام ڈاکٹر و پیرامیڈیکس کا مشکور ہوں جنہوں نے زخمیوں کی خدمت کی اور علاج معالجہ کی بہترین خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کا سیکیورٹی فورسز و پولیس بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں، پولیس سمیت دیگر سیکیورٹی فورسز  کی قربانیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، انہوں نے کہا کہ قوم کو بھی اپنے اردگرد نظر رکھنی چاہئے، ملک دشمن قوتیں صوبہ سمیت ملک کا امن تباہ کرنیکی مذموم کوششیں کر رہے ہیں جس میں وہ کامیاب نہیں ہونگے، گورنرنے تحصیل باڑہ کمپاؤنڈ دھماکے میں شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں کی درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبرجمیل کی بھی دعا کی۔