لاہور، 20جولائی(اے پی پی ): سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب پولیس اور سوسائٹی فار آڈیولوجیکل اینڈ ڈویلپمنٹل ایلمنٹس (SADA) کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور صدر سوسائٹی فار آڈیولوجیکل اینڈ ڈویلپمنٹل ایلمنٹس (SADA) ڈاکٹر افضل عالم نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے مل کر پولیس ملازمین کے قوت سماعت اور گویائی سے متاثرہ بچوں کو علاج معالجے کی جدید سہولیات فراہم کریں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس ملازمین کے قوت سماعت اور گویائی سے متاثرہ سپیشل بچوں کے علاج معالجے کیلئے فوکل پرسنز مقرر کئے جائیں گے۔ سوسائٹی فار آڈیولوجیکل اینڈ ڈویلپمنٹل ایلمنٹس پولیس ملازمین کے بچوں کو فری اور رعایتی سپیچ لینگوئج تھراپی سروسز فراہم کرے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سوسائٹی فار آڈیولوجیکل اینڈ ڈویلپمنٹل ایلمنٹس (SADA) قوت سماعت سے متاثرہ بچوں کو جدید آلات فراہم کرے گی۔ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کے ہسپتال میں فری نیو ناٹل ہیرنگ سکریننگ سروسز کیلئے کیمپ لگایا جائے گا۔ سوسائٹی فار آڈیولوجیکل اینڈ ڈویلپمنٹل ایلمنٹس پولیس ملازمین کے قوت سماعت و گویائی سے متاثرہ بچوں کے بحالی سنٹر کے قیام میں معاونت فراہم کرے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سوسائٹی فار آڈیولوجیکل اینڈ ڈویلپمنٹل ایلمنٹس پولیس ملازمین کے بارہ برس سے کم عمر بچوں کی فری آڈیولوجیکل ٹیسٹنگ کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اور سوسائٹی فار آڈیولوجیکل اینڈ ڈویلپمنٹل ایلمنٹس کے درمیان ایم او یو متاثرہ بچوں کے علاج میں سنگ میل ثابت ہو گا۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا اور سی ای او (SADA) ائیر کموڈور ریٹائرڈ انعام الحق راجہ سمیت دیگر افسران بھی تقریب میں موجود تھے ۔ ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ ، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین اور اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر سمیت دیگر افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔











