صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا نشتر ہسپتال ایمرجنسی وارڈ، چلڈرن کمپلیکس اور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ

25

ملتان،21 جولائی(اے  پی پی ):نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے  نشتر ہسپتال ایمرجنسی وارڈ، چلڈرن کمپلیکس اور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا۔انہوں نے نشتر ایمرجنسی وارڈ کے رومز کی تعزین و آرائش کا افتتاح بھی کیا۔

 نگران صوبائی وزیر صحت نے مریضوں کی تیمارداری اور ہسپتالوں میں فراہم کی جانے والی  طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور ڈاکٹرز کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی اور  ہسپتالوں کی صفائی ستھرائی اور دیگر معاملات کا بھی جائزہ لیا۔

 ڈاکٹر جاوید اکرم نے ہسپتالوں کے تعمیراتی کام کو بھی چیک کیا، انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی زیر تعمیر عمارت کا بھی جائزہ لیا۔

 نگران صوبائی وزیر صحت جاوید اکرم نے چلڈرن کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے اقدامات جاری ہیں،نشتر ہسپتال کو ایک ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں، سول ہسپتال کی عمارت چلڈرن کمپلیکس کو دے دی گئی ہے جس میں 70 بچوں کے ایمرجنسی وارڈ بنائی جائے گی،چلڈرن کمپلیکس میں مزید طبی سہولیات فراہم کی جائے گی اور چلڈرن کمپلیکس کی ری ویمپنگ کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چلڈرن کمپلیکس کے ڈاکٹرز کی خدمات قابل تحسین ہیں، انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایکسٹنشن سے بہتر طبی سہولیات فراہم ہوں گی۔

اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی رانا الطاف احمد بھی موجود تھے۔