خیبر کے علاقے جمرود میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او شہید، ایک اہلکار زخمی

33

پشاور،25 جولائی (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے جمرودمیں خودکش دھماکے میں ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شہید  ہوگئے۔سی سی پی او پشاور اشفاق انور نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں واقع خود کش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شہید  ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، جس پر ایڈیشنل ایس ایچ او اور ان کے ساتھ نفری وہاں پہنچی تو حملہ آور نے ان کو دیکھ کر وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے حملہ آور کا تعاقب کیا اور اسی دوران حملہ آور مسجد کے اندر  چلا گیااور وہاں اس نے خود کو اڑا دیا، جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او جاں بحق  ہو گئے۔

سی سی پی او پشاور نے بتایا کہ خود کش حملہ آور کا ایک ساتھی گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ خودکش حملہ آور کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک دیا گیا تھا ۔ ان کے ہدف کا تعین کیا جا رہا ہے۔دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں اور دیگر افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔