گوجرانوالہ؛ریسکیو 1122 کیجانب سے محرم پر حساس 61 بڑی مجالس ، 60 ماتمی جلوسوں کو ایمرجنسی میڈیکل کور فراہم

20

گوجرانوالہ،30 جولائی(اے پی پی):ریسکیو 1122 گوجرانوالہ نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میاں رفعت ضیاء کی زیرِ نگرانی محرم الحرام اور یومِ عاشورہ کے موقع پر ضلع بھر میں مجموعی طور پرحساس 61  بڑی مجالس اور 60 ماتمی جلوسوں کو ایمرجنسی میڈیکل کور فراہم کیا۔ جس میں ریسکیو 1122 گوجرانوالہ کی جدید میڈیکل آلات سے لیس 29 ایمبولینسز، 17 فائر وہیکلز اور 07 سپیشل ریسکیو وہیکلز کے علاوہ مجالس اور ماتمی جلوسوں کے راستے میں مختلف مقامات پر ریسکیو میڈیکل پوسٹیں بھی قائم کی گئیں۔ اس موقع پر 550 سے زائد ریسکیو اہلکاروں اور ریسکیو محافظوں نے ڈیوٹی سر انجام دی۔ تمام ماتمی جلوسوں اور مجالس کے دوران 1443 عزاداروں کو طبی امداد دی جبکہ 15 شدید زخمی افراد کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میں منتقل کیا۔ تمام عزاداروں کو ہسپتال میں دورانِ منتقلی تربیت یافتہ ریسکیورز نے ابتدائی طبی امداد بھی مہیا کی۔

یومِ عاشورہ کے دوران ریسکیورز کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں تھیں اور انکی سپیشل ڈیوٹیاں ریسکیو اسٹیشنز، اہم مقامات اور ریسکیو میڈیکل پوسٹوں پر لگائی گئیں۔ اسکے علاوہ ضلع گوجرانوالہ کی تمام تحصیلوں میں بھی “اے  &  بی کیٹگری” کے حساس ماتمی جلوس اور مجالس کو ایمرجنسی میڈیکل کور فراہم کیا گیا۔

یومِ عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کو میڈیکل کور دینے کے ساتھ ساتھ ریسکیو 1122 گوجرانوالہ نے 152 ایمرجنسیز پر بھی بروقت ریسپانڈ کیا۔ جن میں 24 روڈ ٹریفک حادثات، 74 میڈیکل ایمرجنسیز اور 54 متفرق ایمرجنسیز شامل ہیں۔

ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ ڈویژن سید کمال عابد نے یومِ عاشور کے موقع پر ڈسٹرکٹ گوجرانوالہ میں ماتمی جلوسوں اور سول ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس دوران سید کمال عابد صاحب نے ریسکیو 1122 گوجرانوالہ کی جانب سے ماتمی جلوسوں اور مجالس کے دوران عزاداروں کو دی جانے والی طبی امداد کا جائزہ لیا۔

 بعد ازاں ریجنل ایمرجنسی آفیسر نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال گوجرانوالہ کا بھی دورہ کیا جہاں پر شدید زخمی عزاداروں کی طبی امداد کا بھی معائنہ کیا۔

ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ ڈویژن سید کمال عابد اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میاں رفعت ضیاء نے محرم الحرام اور یومِ عاشورہ کے ماتمی جلوس اور مجالس کے دوران انتہائی ایمانداری اور جانفشانی سے خدمات سر انجام دینے پر ریسکیو اہلکاروں کو شاباش اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔