نڈو محمد خان،31 جولائی(اے پی پی) : وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں کسی بھی جماعت سے سیٹ ایڈ جسٹمنٹ نہیں ہوگی،9 اگست کو حکومت تحلیل ہوجائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈومحمدخان میں اسٹیٹ لائف کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے کہا کہ ملک بھر میں عام انتخابات نومبر میں ہوں گے، ملک کا اگلا وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہونگے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن میں حصہ لینا ہر ایک جماعت کا حق ہے، کسی بھی تنظیم پر پابندی لگانا غیر جمہوری عمل ہے، انتخابات سے قبل کسی بھی جماعت کی کامیابی کی بات مزاق کے مترادف ہے۔
سید نوید قمر نے کہا کہ تمام جماعتوں کا فیصلہ ہے کہ موجودہ حکومت 9اگست کو اسمبلی تحلیل کردے تاکہ 90 روز میں عام انتخابات کا انعقاد ہوسکے، ملک بھر میں عام انتخابات 7 سے 8 نومبر تک ہوں گے۔
وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے کہا کہ تحریک انصاف کے قائد نے اپنی جماعت کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کر دیا ہے، تحریک انصاف کو کسی جماعت نے نہیں بلکہ اس کے اپنے قائد نے اپنی نااہلی کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔
الیکشن میں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے حصہ لینے سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کرے گی، تمام جماعتیں اپنے اپنے طریقے سے انتخابات لڑیں گی، الیکشن کے بعد کامیابی حاصل کرنے والی جماعت سے اتحاد ممکن ہے ۔
بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے سید نوید قمر نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ حکومت نے اپنی خوشی سے نہیں کیا ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ آئی ایم ایف کی شرائط پر کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بجلی کے بلوں کی ادائیگی سے کئی فیصد زیادہ بجلی چوری کی جاتی ہے، جس کا خمیازہ بل ادا کرنے والوں کو بھگتنا پڑتا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر، میونسپل کمیٹی ٹنڈومحمدخان کے وائس چیئرمین عبدالکریم شیخ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔