ایبٹ آباد،یکم اگست(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ایک سال کے عرصے میں اتحادی حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل لوئر تناول میں نادرا افس کے افتتاح کے ساتھ ساتھ 16 کروڑ 92 لاکھ کی لاگت سے شیروان کے چار دیہاتوں میں گیس فراہمی کے منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر کیا۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت نواز ٹولہ شروع دن سے حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف تھا لیکن انہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں سی پیک کو دفن کیا گیا، آج چین کا نائب وزیراعظم پاکستان میں موجود ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ضلع ابیٹ آباد میں زلزلے میں تباہ ہونے والے 29سکول اور بی ایچ یوز نہیں بن سکے لیکن مجھے دوبارہ موقع ملا تو ترجیح بنیادوں پر بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اہلیان تناول نے مسلم لیگ ن،مجھے اور میرے قائد کو جو عزت دی اسکا شکریہ ادا کرنے کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں ۔
مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ 2008 اور 2013 میں اہلیان علاقہ کا احسان مرتے دم تک نہیں بھول سکتا، اگر مجھے اللہ تعالی نے آئندہ الیکشن میں موقع دیا تو ان علاقوں کے تمام وعدے پورے، سہولیات کا جال بچھا دوں گا۔انہوں نے کہا کہ 2010میں اس علاقے کے عوام کو شیروان روڈ کا تحفہ دیا، دوسرا موقع ملا تو سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا، جبکہ وہ جاری منصوبے مکمل نہیں کراسکے، ہم نے عمران خان کے ہمیشہ کے لئے بند کروائے گئے کام مکمل کروا دیئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے آئندہ 30سالوں کے لئے گیس کے نئے میٹر، کنکشن اور لائین بچھانے پر پابندی عائد کی تھی ۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گیس کےمنصوبوں کے لئے ایک ارب 10کروڑ جاری کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شیروان انٹرچینج کھلنے سے اس علاقے کی خوبصورتی سب کے سامنے آئے گی،نتھیا گلی کو لوگ بھول جائیں گے،میں ممبر اسمبلی رہوں نہ رہوں مسلم لیگ ن کی حکومت ہوئی تو شیروان کو تھاتھی کے ساتھ منسلک کرکے دکھاؤں گا۔











