ملتان،03 اگست(اے پی پی ):سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا زیر تعمیر منصوبہ تیزی کے ساتھ تکمیل کی جانب گامزن ہے،سیکرٹریٹ میں 24 ایکڑ رقبے پر شجرکاری کی جائے گی اور گھاس لگایا جائے گا۔پی ایچ اے نے سول سیکرٹریٹ کی لینڈ سکیپکنگ کا پلان تیار کر لیا ہے جس پر54 ملین روپے لاگت آئے گی اور اس عمل کو 90 روز میں مکمل کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں ایڈیشنل سیکرٹری جنوبی پنجاب محمد فاروق ڈوگر کی زیر صدارت منصوبے کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی سیکرٹری عبدالصبور ٹھاکر،سیکشن آفیسر حافظ خورشید ملک ، پراجیکٹ منیجر آئی ڈیپ فیصل زمان اور پی ایچ اے کے افسران نے شرکت کی۔
ایڈیشنل سیکرٹری جنوبی پنجاب محمد فاروق ڈوگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سول سیکرٹریٹ کا منصوبہ خطے کی ترقی کا مرکز ثابت ہوگا اور اس سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کارکردگی میں مزیداضافہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کی ہدایت پر منصوبے کا ہفتہ وار جائزہ لیاجاتا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل میں حائل ایشوز کو جلد حل کیا جائے اور مختلف بلڈنگ ڈیزائن اور آفس فرنیچر کی خریداری بارے آئی ڈیپ اپنے ہیڈ آفس سے منظوری حاصل کرنے کا عمل تیز کرے۔
ڈپٹی سیکرٹری عبدالصبور ٹھاکر نے اس موقع پر کہا کہ سیکرٹریٹ میں قد آور درختوں کی شجرکاری کی جائے اور مختلف لانز میں بینچ لگائے جائیں۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر فیصل زمان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 504 کنال اراضی پر زیرتعمیرسول سیکرٹریٹ پر3ارب50 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ سول سیکرٹریٹ میں 400 گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ بجلی کی فراہمی کے لئے میپکو کو 18 ملین روپے کی ادائیگی کردی گئی ہے اور اس سلسلے میں کیبل بچھانے کا کام جاری ہے جبکہ فون اور ڈیٹا نیٹ ورک کی تنصیب کے لئے این ٹی سی سے ڈیماڈ نوٹس طلب کرلیا گیا ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بلڈنگ میں ڈکٹنگ، الیکٹری فکیشن اور سیکرٹریت ایریا میں روڈ ورک کا کام جاری ہے اور حکومت کی جانب سے پابندی ختم ہونے کے بعد لفٹ اور دیگر مشینری کی درآمد کا مسلہ حل ہوگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مون سون بارشوں کی وجہ سے سائیٹ پر کام میں خلل کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اس کے باوجود آئی ڈیپ منصوبے کو ٹائم لائن کےمطابق مکمل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔











