گوجرانوالہ؛ یوم استحصال کشمیر ریلی، انشا اللہ  کشمیر جلد پاکستان کا حصہ بنے گا، ڈپٹی کمشنر

14

گوجرانوالہ،05 اگست(اے پی پی): ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ کے زیراہتمام یوم استحصال کشمیر ریلی ڈپٹی کمشنر دفتر سے سیالکوٹ روڈ تک نکالی گئی، ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے  کی ۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ فیاض احمد موہل نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج 5 اگست مقبوضہ کشمیر کی تاریخ میں کشمیریوں کے استحصال کا ایک اور سیاہ باب ہے، تاریخ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ناجائز قبضے اور مظلوم کشمیریوں پر جبرو استبداد سے بھری پڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج سے چار سال قبل5 اگست 2019 کو بھارت نے ناجائز اور غیر آئینی اقدام کرکے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس بھارتی اقدام سے مظلوم کشمیریوں کے وہ حقوق غصب کرنے کی جابرانہ اور ظالمانہ کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ بھارتی آئین کے آرٹیکل370 اور آرٹیکل  35 اے کے تحت حاصل حقوق بحال کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ  آرٹیکل370 کے تحت مقبوضہ ریاست کشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل تھی، جبکہ آرٹیکل35اے میں واضح کیا گیاتھا کہ مقبوضہ کشمیر کا مستقل شہری کون ہے اور کون وہاں جائیداد خرید سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بحثیت پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گےکیونکہ کشمیری عوام کے دل پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے یقینی انداز سے کہا کہ انشا اللہ تعالیٰ کشمیر بھارتی تسلط سے جلد آزاد ہو گا پاکستان کا حصہ بنے گا۔

ریلی میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، پولیس ،محکمہ تعلیم، کالجز،تعلقات عامہ، ہیلتھ، ریسکیو، سول ڈیفنس، ہلال احمر، کارپوریشن، سوشل ویلفیئر، لوکل گورنمنٹ، ضلع کونسل، پرائیویٹ سکولز، واسا، جی ڈبلیو ایم سی، کالجوں کے علاوہ سول سوسائٹی اور شہریوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔