لاہور، 7اگست(اے پی پی): آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے امریکن قونصلیٹ کے سینئر لا انفورسمنٹ اینڈ سیکیورٹی سفارت کاروں نے پیر کو یہاں ملاقات کی ہے۔وفد کی قیادت سینئرلا انفورسمنٹ اینڈ سکیورٹی اتاچی کیتھ اے ایسٹر نے کی جبکہ وفد میں ممائیکل ایس ڈائمنڈ اور سکیورٹی ایڈوائزر شامل تھے۔
وفد نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں امریکی شہریوں اور یو ایس ایڈ کے مختلف پروگرامز کے سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے امریکن وفد کو غیر ملکی سفارت کاروں اور شہریوں کی سکیورٹی کیلئے اقدامات بارے آگاہ کیا اور امریکن وفد کو پنجاب پولیس کی فیس ٹریس، کرائم پریونشن ایپ اور خدمت مراکز سمیت جدید پراجیکٹس بارے آگاہی بھی دی گئی۔
آئی جی پنجاب نے وفد کو بتایا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہے جو چینی اور امریکی ماہرین کی سکیورٹی کے فرائض جانفشانی سے سر انجام دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اور امریکی سکیورٹی اداروں کے درمیان دہشت گردی و شدت پسندی کے خاتمہ کیلئے انفارمیشن شئیرنگ اور باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے ہے۔
آئی جی نے کہا کہ پنجاب پولیس ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ، ٹریننگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں امریکی تعاون کو فروغ دے رہی ہے۔
امریکی وفد نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کی آپریشنل سٹریٹیجی، قربانیوں اور کردارکو سراہا۔ کیتھ اے ایسٹر نے کہا کہ پنجاب پولیس کے جوانوں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔
آئی جی پنجاب اور امریکن سکیورٹی آفیسر کے مابین یادگاری سووینئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر، اے آئی جی آپریشنز ڈاکٹراسد اعجاز ملہی سمیت سینئر افسران بھی موجود تھے۔











