سیالکوٹ؛ ایم این اے چودھری ارمغان سبحانی نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار وویمن سید پور کا افتتاح کردیا

115

سیالکوٹ، 7اگست(اے پی پی): پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماو رکن قومی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی نے10کروڑ 63لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے جانے والے گورنمنٹ  ایسوسی ایٹ کالج فار وویمن سید پور کا افتتاح کردیا ہے۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی نے کہا کہ تعلیم کا فروغ میرا مشن ہے، اس سلسلہ میں بچیوں کو ان کے گھر کی دہلیز میں اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کرنے  کیلئے گزشتہ 10سالوں میں 100سے زائد سکولوں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے اور5نئے ایسوسی ایٹ کالجز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اب ضرورت اس امر کی ہے ان تعلیمی اداروں کو معیاری درسگاہوں میں تبدیل کیا جائے، اس سلسلے  میں سب سے اولین اور بنیادی ذمہ داری اساتذہ کی ہے کہ وہ بچوں کو بہترین تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے  کے علاوہ ان کی اخلاقی تربیت کرکے ان کو معاشرے کا مفید اور باعزت شہری بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

رکن قومی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی نے کہا کہ ملک میں الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہونگے مردم شماری کی وجہ سے چند روز کا فرق ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور رہے گی تاہم پاکستان اسلامی جمہوریہ ہے اور یہاں اسلامی اور جمہوری نظام ہی رہے گا اور یہی مقصد اس ملک کی بقا کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں عوام اپنا ووٹ مکمل سمجھ داری سے ملکی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے استعمال کریں تاکہ ایک ایسی حکومت معرض وجود میں آئے جو ملک سلامتی اور ترقی کی ضامن ہو۔

سابق رکن صوبائی اسمبلی رانا عارف ہرناہ، شاہد کہگ، ڈائریکٹر کالجز زاہد فاروق، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز تنویرفاضل، پراجیکٹ ڈائریکٹر ریحانہ یاسمین، پرنسپل منیبہ سلیم، قمر زمان کساںہ عدیل کسانہ،صوفی اسحاق اور ایس ڈی او بلڈنگ چودھری اعجاز سمیت کثیر تعداد میں اہلیان دیہہ نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔