فیصل آباد، 08 اگست(اے پی پی): نجی موبائل سروس کے بینک نے کاروباری طبقے کی ترقی کیلئے فیصل آباد میں نئی برانچ کا افتتاح کردیاہے۔
منگل کوبینک کی نئی برانچ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نجی موبائل سروس کے بینک کے صدر اور سی ای او غضنفر عظام نے کہاکہ چھوٹے کاروباری اداروں کو فروغ دینے میں پیش پیش یہ نجی بینک کاروباری افراد بالخصوص خواتین کو بااختیار بنانے کے مشن پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی برانچ کے افتتاح کے ساتھ ہم ترقی کی بنیاد رکھنے کیلئے کوشاں اور ایک ایسے ماحول کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جہاں کاروباری جذبہ پھلے پھولے اور جدت انگیزی پروان چڑھے۔
بینک کے چیف برانچ بزنس آفیسر عطاالرحمان نے کہاکہ بینک ایم ایس ایم ای بینکنگ میں بڑی تبدیلی لانے کی قیادت کرنے پر فخر کرتا ہے اور ہمارا غیر متزلزل عزم معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے چھوٹے و درمیانی کاروباروں کو جدید مالیاتی حل کے ساتھ بااختیار بنانے سے منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک کاروباری حلقوں میں چھوٹے و درمیانی کاروباری اداروں کی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دے کر کامیابی سے اپنے فعال کردار کی ادائیگی کیلئے کوشاں ہے۔











