ٹوبہ ٹیک سنگھ،14اگست(اے پی پی):جشن آزادی یوم پاکستان کی76 سالہ تقریبات قومی جوش و جذبہ اور پر عزم طریقے سے منائی جا رہی ہے،ضلع انتظامیہ کے زیر اہتمام مرکزی تقریب ضلع کونسل کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی۔جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر محمد نعیم اور ڈی پی او سید کرار حسین تھے۔
تقریب کے آغاز میں 8:58 منٹ پر سائرن بجایا گیا، ایک امنٹ کی خاموشی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم اور ڈی پی او سید کرار حسین نے پرچم کشائی کی۔فضا میں سبز اور سفید غبارے چھوڑے گئے اور کبوتر آزاد کیے گئے۔
پنجاب پولیس، جیل پولیس، ایلیٹ فورس ، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے چاق وچوبند دستے نے کی سلامی پیش کی۔جشن آزادی کی تقریب میں گھوڑا ڈانس اور جھومر ڈانس کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے پوری قوم کو پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ یہ آزاد وطن ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی آزادی کا تحفظ کرنا جانتی ہے، جسے یہ عزم تحریکِ آزادی سے وراثت میں ملا ہے۔
تقریب میں طلباءوطالبات نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلو سے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم اور ڈی پی او سید کرار حسین نے مون سون شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا ۔تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی۔