نوشہروفیروز، 14اگست( اے پی پی): ملک بھر کی طرح ضلع نوشہروفیروز میں بھی جشن آزادی کا دن ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہاہے۔ ضلع کے چھوٹے بڑے شہروں میں شروع ہونے والے جشن آزادی کے مختلف پروگرام رات گئے تک جاری رہیں گے۔
جشن آزادی کی مرکزی تقریب ڈی سی آفس کے لان میں منعقد ہوئی ،جس میں ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز شاہ زیب شیخ نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر پولیس اوراسکاؤٹس کے دستوں نے قومی پرچم کو سلامی دی،پرچم کشائی کے بعد پولیس پریڈ کا مظاہرہ کیا گیا۔اس موقع پر پارک میں ڈپٹی کمشنر، چیئرمین ضلع کونسل، ایس ایس پی اور دیگر افسران نے یادگار پودے لگائے گئے جہاں ملکی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لئے دعا مانگی گئی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر شاہ زیب شیخ، چیئرمین ضلع کونسل اور ایس ایس پی نے ڈسٹرکٹ جیل جاکر قیدیوں میں مٹھائی تقسیم کی۔
تقریب میں چیئرمین ضلع کونسل سہیل اختر عباسی، ایس ایس پی صدام حسین خاصخیلی، پی پی پی تعلقہ صدر خلیفہ شکیل احمد میمن، ضلع کے تمام محکموں کے افسران ، شہریوں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔











