ڈیرہ غازی خان؛ ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کی جڑانوالہ واقعہ کی شدید مذمت

17

ڈیرہ غازی خان،16 اگست(اے پی پی ): ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی نے جڑانوالہ واقعہ کی پرزور انداز میں مذمت کی ہے  اور تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام،ممبران امن کمیٹی نے  کہا کہ کسی بھی شرپسند کو قانون ہاتھ میں لینے کی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی زیرصدارت ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈی جی خان حسن  افضل نے بھی شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مہر شاہدزمان لک نے کہا کہ ضلع میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے جس کیلئے ہم متحد ہیں،ہم حکومتی احکامات کے مطابق قیام امن کیلئے تمام وسائل استعمال میں لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب آن بورڈ ہے،قانون و ضابطے کو ہر صورت فالو کیا جائے گا۔انہوں  نے کہا ہم علمائے کرام،ممبران کی قیام امن کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔

ڈی پی او حسن افضل نے کہا کہ قانون سے بالاتر کسی اقدام کی اجازت نہیں دی جائے گی،تمام مسالک و مذاہب کے قائدین صبر و تحمل سے کام لینے کا درس دیں،کوئی ایسا اقدام اٹھائے سے گریز کیا جائے جس سے امن کو نقصان پہنچے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسدچانڈیہ،پی اے مشتاق احمد ٹوانہ سمیت تمام مکاتب فکر کے رہنماؤں اور ممبران نے شرکت کی۔