ملتان ؛ میاواکی فارسٹ شجر کاری 2023 کا افتتاح 

21

ملتان، 16اگست (اے پی پی ):سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام میاواکی فارسٹ شجر کاری  2023 کا افتتاح  کر دیا گیا ہے ، افتتاحی تقریب کا انعقاد گورنمنٹ ہائی سکول جامع الاعلوم  نیو ملتان  میں کیا گیا۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خاں ، سیکرٹری جنگلات جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی اور ایڈیشنل سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب آغا ظہیر شیرازی نے پودے لگا کر میاواکی فارسٹ کا افتتاح کیا ۔

 اس موقع پر سیکرٹری سکولز ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خاں  نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع کے 258 سکولوں میں میاواکی فارسٹ لگایا جا رہا ہے، اس سال میاواکی فارسٹ مہم میں ایک لاکھ 16 ہزار پودے لگائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  جنوبی پنجاب کے  258 سکولوں میں 14 ہزار مرلہ پر میاواکی جنگل لگایا جا رہا ہے، سکولوں میں میاواکی فارسٹ لگانے کے ساتھ ساتھ ان حفاظت بھی کی جائے گی، اساتذہ، طلباء اور سکول ملازمین مل کر پودوں کی نگہداشت کریں گے، پودے لگانے سے سکول بھی خوب صورت ہوں گے اور ماحول بھی پاکیزہ ہو گا۔

سیکرٹری سکولز ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خاں نے کہا کہ  گزشتہ سال میاواکی فارسٹ فیز 1 کے تحت ایک لاکھ 8 ہزار پودے لگا ئے گئے تھے۔انہوں نے  کہا کہ  سکولوں میں 3 سے 5 مرلہ قطعہ پر میاواکی جنگل لگائے جا رہے ہیں، طلباء میں پودے لگانے کا جذبہ پیدا کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میاواکی فارسٹ فیز 2 دو دن میں مکمل کیا جائے گا۔

سیکرٹری فاریسٹ جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسمی تبدیلیوں سے بچنے کے لیے پودے لگانا انتہائی ضروری ہیں، میاواکی فارسٹ کے لیے سکولوں کو پودے محکمہ جنگلات فراہم کر رہا ہے،کسی بھی ملک کے 25 فیصد رقبہ پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے، ہر شخص کو اپنے حصہ کا ایک پودا ضرور لگانا چاہیے۔

  اس موقع پر ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشنز سیکنڈری ایجوکیشن جنوبی پنجاب مسز زاہدہ بتول ،ڈپٹی سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب خواجہ مظہرالحق،  ڈپٹی سیکرٹری سیف الرحمان، محکمہ سکول ایجوکیشن کے دیگر افسران موجود بھی تھے۔