تاریخی شہر ملتان کے تہذیبی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لئے میگا پلان تیار کیا جائے؛ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ثاقب ظفر

15

ملتان،17اگست(اے پی پی ):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے کہا ہےکہ تاریخی شہر ملتان کے تہذیبی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لئے میگا پلان تیار کیا جائے اور قلعہ کہنہ قاسم باغ سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے اسے اصل حالت میں بحال کیا جائے،ملتان میں کیڈٹ کالج کی تعمیر کے لئے پیپر ورک جلد مکمل کیا جائے، جلالپور پیروالا میں500 ایکڑ رقبہ پر انڈسٹریل زون قائم کیا جارہا ہے۔

یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس ملتان کے دورے کے موقع پر ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئی کہی۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور مختلف محکموں کے ضلعی سربراہان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے ضلع میں جاری حکومت کے اقدامات کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے ہدایت کی کہ مدر اینڈ چائلڈ کئیر ہسپتال اور نادر  آباد فلائی اوور کے منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ آم ملتان  کی پہچان ہے اس لئے شہر میں مینگو روڈ کے نام سے شاہراہ منصوب کی جائے،اس روڈ پر شجرکاری کے لئے  آم کے پودے محکمہ زراعت جنوبی پنجاب فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کی تحصیلوں اور دیہات پر حکومت کا فوکس ہے، ضلعی انتظامیہ کے افسران حکومت کی جانب سے شروع کی گئی” اب گاوں چمکیں گے” مہم کامیاب بنانے میں اپنا بھرپورکردار ادا کریں۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے کہا کسی بھی ملک اور معاشرے کےاستحکام اور  ترقی کے لئے امن کا قیام بہت ضروری ہے اس لئے ضلعی امن کمیٹیوں کو مزید فعال کیا جائے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے علماء کرام کی خدمات حاصل کی جائیں۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ انتظامیہ کے  افسران سرکاری اداروں میں سروس ڈیلیوری کی بہتری کو اپنا نصب العین بنائیں اور سائلین کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آئیں کیونکہ سرکاری دفاتر میں آنیوالے سائلین کا اطمینان افسران کی کارکردگی کا عکاس ہوتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر اولیاء میں درجنوں میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے اور سالانہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے9 ارب 98 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شجاع آباد ریلوے کراسنگ پر فلائی اوور کے تعمیر کا پی سی ون تیار کرلیا گیا ہے،اس منصوبے پر1ارب14 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں19 پارکس کی تعمیر کا پلان تشکیل دے دیا  گیا ہے جن پر 20 کروڑ روپے خرچ ہونگے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے پارکوں کی تعمیر کی سمری کی منظوری دے دی  ہے۔ عمر جہانگیر نے بتایا کہ کیڈٹ کالج کے پی سی ون کی تیاری جاری ہے جس کی تعمیر پر 70 کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی حدود کو 86 یونین کونسلوں تک بڑھادیا گیا ہے اور ان اضافی یونین کونسلوں پر 60 کروڑ روپے کےبجٹ اخرجات کی سمری چیف منسٹر کو ارسال کردی گئ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ جیل کی منتقلی کے لئے سائیٹ کا انتخاب کر لیا گیا ہے، اس   منصوبے پر6 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔اسی طرح قلعہ کہنہ قاسم باغ پر فوڈ سٹریٹ کے قیام کے منصوبے کا ڈیزائن بھی تیار کرلیا جس پر 2 کروڑ20 لاکھ روپےصرف کئے جائیں گے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع میں3 لاکھ 28 ہزار164 ایکڑ پر کپاس کاشت کی گئی ہے اور فصل بہتر حالت میں ہے جبکہ کاشتکاروں کو مقررہ قیمت دلانے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مریضوں کو ہیلتھ انشورنس کی کوریج میں65 فیصد اضافہ کیا ہے۔ وہاڑی چوک میں موجود غیر قانونی ڈی کلاس ویگن اسٹینڈ کے  اجازت نامے کینسل کرنے کے لئے مالکان کو نوٹس جاری کردئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈینگی اور دیگر اقدامات بارے بھی بریفنگ دی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے اجلاس سے قبل ضلعی انتظامیہ کے افسران کے دفاتر کا دورہ کیا اور شہریوں سے ملاقات  کی۔