لاہور،18اگست (اے پی پی):برطانیہ کے مشہور ماہر قانون بیرسٹرنسیم احمد باجوہ نے پنجاب انفارمیشن کمیشن لاہور کا دوہ کیا اور رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کی اہمیت کے حوالے سے ایک خصوصی لیکچر دیا۔چیف انفارمیشن کمشنر محبوب قادر شاہ، انفارمیشن کمشنرز شوکت علی، ڈاکٹر عارف مشتاق چوہدری، وکلا، سماجی تنظیموں کے کارکنوں اور طلبہ کی کثیر تعداد لیکچر میں شریک ہوئی۔
بیرسٹر نسیم احمد باجوہ نے پنجاب انفارمیشن کمیشن کی 5سالہ کارکردگی اور تاریخی فیصلوں بالخصوص جم خانہ، پنجاب پبلک سروس کمیشن کو خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب انفارمیشن کمیشن اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے مثالی خدمات سرانجام دے رہا ہے اور وہ ادارے کے حکام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
محبوب قادر شاہ نے معزز مہمان کو بتایا کہ کمیشن نامساعد حالات کے باوجود گزشتہ پانچ سال میں 20ہزار سے زائد اپیلوں کا فیصلہ کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کو فنڈز کی کمی اور دیگر مسائل کا سامنا ہے تاہم پنجاب اسمبلی کی موثر قانون سازی کی بدولت کمیشن کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رائٹ ٹو انفارمشین ایکٹ کے نفاذ سے عوام کی سرکاری محکموں سے متعلقہ امور تک آسان رسائی ممکن ہوئی ہے۔