احمدپورشرقیہ، 21 اگست (اے پی پی):پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کرتے ہوے مختلف مقدمات میں 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا جن سے بھاری مقدار میں منشیات،شراب و اسلحہ ناجائز برآمدہوا۔
آئی جی پنجاب کی جرائم کی سرکوبی کیلئے جاری ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے ڈی پی او بہاولپور سید محمد عباس کی طرف سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم میں بڑی کامیابیاں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔
تھانہ کینٹ اور تھانہ صدر یزمان پولیس نے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے کر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے 03 ملزمان منیر، ارشد اور شاہد اقبال کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 03 کلو 100 گرام چرس برآمد کرلی جبکہ تھانہ صدر یزمان پولیس نے شراب فروشی کے مرتکب 01 ملزم افضل کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 60 لیٹر دیسی شراب برآمد کرلی۔
اسی طرح اسلحہ ناجائز رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے تھانہ سٹی احمد پور شرقیہ اور تھانہ خیر پور ٹامیوالی پولیس نے 03 ملزمان راشد، مظہر حسین اور اسلم کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 01 عدد پسٹل 30 بور اور 02 عدد رپیٹر 12 بور برآمد کرلئے۔گرفتار ملزمان کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔
اس موقع پر ڈی پی او بہاولپور سید محمد عباس نے اپنے پیغام میں کہا کہ منشیات سے نوجوانوں کی زندگیاں متاثر ہورہی ہیں لہذا ایسے گھناونے جرائم کرنے والے جرائم پیشہ افراد کے خلاف اسی طرح کریک ڈاﺅن جاری رکھتے ہوئے مزید موثر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی تاکہ معاشرے کو ایسے ناسور عناصر سے پاک کیا جاسکے۔











