ڈیرہ غازی خان، 30 اگست (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا کہ پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کی آن لائن تکمیل کو یقینی بنائیں اور دوران تکمیل ریکارڈ خصوصاً انڈکس ایف آئی آر کی تکمیل ، روڈ سرٹیفکیٹ ،مال مقدمات ،فرانزکس رپورٹس، مدعی گواہان اور ملزمان کے مکمل کوائف معہ شناختی کارڈ کے آن لائن ریکارڈ کا اندراج ہرصورت مکمل ہونا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریجنل پولیس آفس میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ آر پی او نے اجلاس میں چاروں اضلاع میں جاری منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے احکامات جاری کیے کہ منشیات کے خلاف جار ی کریک ڈاؤن مزید تیز کیے جائیں اور منشیات فروشان کے خلاف کارکردگی میں مزید بہتری لائی جائے۔ ضلعی سربراہان تھانہ جات اور خدمت مراکز کی انسپکشن ایس او پیز کے تحت کریں اور تھانہ جات کے وزٹ کو بامقصد بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشنز، خدمت مراکز اور فرنٹ ڈیسک کی ایس او پی پر عمل درآمد کرایا جائے اور تمام تھانہ جات کی بطور سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن اپ گریڈیشن کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ، امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اورمعاشرے کا امن تباہ کرنے والے قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان حسن افضل، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفر گڑھ سید حسنین رضا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راجن پور کیپٹن (ر) دوست محمد اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ اسدالرحمن نے شرکت کی ۔











