ملتان،30اگست(اے پی پی ): چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرہ اضلاع میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے اور انتظامیہ، پولیس اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، سیلاب کے پیش نظر انسانی زندگی کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں جنوبی پنجاب میں سیلاب کی صورتحال اور کپاس کی فصل کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر عامر خٹک، سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل ،آر پی او ملتان محمد سہیل چوہدری، ڈپٹی کمشنر عمرجہانگیر، سی پی او منصورالحق اور ضلع وہاڑی، خانیوال اور لودھراں کے ڈی سیز اور ڈی پی اووز نے اجلاس میں شرکت کی۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ کپاس کی فصل بہت بھرپور حالت میں ہے اور کپاس کی بہترین پیداوار سے ملک کی معیشت میں انتہائی مثبت تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ کپاس کی پیداوار کے لئے کی حکومت کی کاوشیں رنگ لائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ کپاس کے ٹرپل جین بیج کو فروغ دیا جائے گا۔
زاہد اختر زمان نے بتایا کہ قلعہ کہنہ قاسم باغ کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ قلعہ کہنہ قاسم باغ کا پراجیکٹ ملتان کی خوبصورتی کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔
کمشنر عامر خٹک نے چیف سیکرٹری کو ملتان ڈویژن میں سیلاب کے حوالے سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن بارے جبکہ سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل نے جنوبی پنجاب میں کپاس کی فصل بارے بریفنگ دی۔