ملتان ،یکم ستمبر (اے پی پی ):سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب نادر چٹھہ نے گزشتہ روز ملتان کا دورہ کیا اس موقع پر سیکرٹری پلاننگ نادر چٹھہ کی صدارت میں قلعہ کہنہ اور دمدمہ کی اپ گریڈیشن بارے اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں کمشنر انجینئر عامر خٹک اور ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے منصوبے پر بریفنگ دی ،سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب نادر چٹھہ نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے قلعہ کہنہ کی تاریخی حیثیت بحال کرنے کیلئے میگا پراجیکٹ کی منظوری دی ہے۔منصوبے پر عملدرآمد کیلئے قلعہ کہنہ سے متعلقہ امور کیلئے کمشنر ملتان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے کہا کہ قلعہ کہنہ سے سرکاری دفاتر اور اوقاف کی تنصیبات کو منتقل کیا جائے گا جبکہ گھنٹہ گھر کی بلڈنگ میں مثالی کرافٹ بازار اور کلچرل سرگرمیاں ہونگی والڈ سٹی اتھارٹی کے تحت قلعہ کہنہ کے گرد تجاوزات ختم کرکے فضیل بھی بنائی جائے گی۔سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے والڈ سٹی اتھارٹی کے تحت 3.7 بلین کی سکیم دی ہے تاکہ اس قدیم ورثے کو محفوظ کیا جاسکے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ قلعہ کہنہ کی تاریخی حیثیت بحال کرنے کے حوالے سے سفارشات حکومت پنجاب کو بھیجیں گے اس حوالے سے انتظامیہ اور سٹیک ہولڈرز میں مکمل مشاورت جاری ہے۔کمشنر نے بتایا کہ والڈ سٹی اتھارٹی کو قلعہ کہنہ اور ملحقہ تاریخی مقامات کی منتقلی کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے قلعہ کہنہ کے اطراف میں سرکاری دفاتر کی منتقلی کیلئے سروے مکمل کرلیا ہے نیا تعمیر شدہ میوزیم اور مساجد و عبادت گاہوں کو منتقل نہیں کیا جائے گا۔عمر جہانگیر نے کہا کہ کبوتر منڈی اور حاجی کیمپ سے ملحقہ نزول لینڈ کو قابضین سے واگزار کرانے کیلئے جلد کریک ڈاون بھی کیاجائے گا۔