اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔ وزیراعظم نے ہز میجسٹی کنگ چارلس III کے ساتھ ساتھ برطانیہ کی قیادت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی اور تعلیم میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ہائی کمشنر نے برطانوی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ برطانیہ جمہوری تبدیلی کے اس مرحلے میں پاکستان کی ہرممکن مدد جاری رکھے گا۔











