ملتان؛پاک پوسٹ نے جنوبی پنجاب کی عوام کیلئے ایکسپریس میل سروس پلس کا آغاز کردیا

70

ملتان،06 ستمبر(اے پی پی): پاکستان پوسٹ کا منفردقدم ،جنوبی پنجاب کی عوام کے لیے ایکسپریس میل سروس پلس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب کے 10جی پی اوز کے علاوہ تمام بڑے ڈاکخانوں میں بکنگ کی سہولت موجود ہوگی ۔ عوام الناس کے اہم خطوط و پارسل کی تقسیم کو اس جدید سروس کے ذریعے 72گھنٹوں میں یقینی بنایا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار پوسٹ ماسٹر جنرل جنوبی پنجاب سرکل ذوالفقار حسنین نے ملتان جنرل پوسٹ آفس میں ایکسپریس پوسٹ سنٹر کی نئی اور منفرد سروس ای ایم ایس پلس کے خصوصی کاونٹر کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

 اس موقع پر چیف پوسٹ ماسٹر ملتان فائزہ خالد راو، عارف خان نیازی ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل جنوبی پنجاب نے کہا کہ پاکستان پوسٹ آفس یہ کمی محسوس کر رہا تھا کہ حالات حاضرہ کے مطابق جدید اور تیز ترین انٹرنیشنل سروس کا آغازکریں جس کے ریٹس کسی بھی کورئیر کمپنی کے مقابلے میں کم اور تقسیم کی رفتار زیادہ ہو اس سلسلہ میں آج اس نئی سہولت ای ایم ایس پلس کا آغاز کر رہے ہیں، عوام الناس پرائیوٹ کورئیرکمپنیز کو انٹرنیشنل میل کی مد میں بھاری بھرکم رقوم ادا نہ کریں بلکہ پاکستان پوسٹ کی تیز ترین اور منفرد سروسای ایم ایس پلس کی جدید سہولت سے فائدہ اٹھائیں ۔

اس موقع پر ملتان جنرل پوسٹ آفس کے انتظامی افسران عبدالروف خان، شاہد یوسف ، راو محمد طاہر، خرم بہزاد نقوی، سہیل انور ، محمد طاہر ، شاہد ملک ،رانا محمدریاض ،محمد مظہرنے اس جدید سروس کے ملتان جی پی او میں آغاز پر پوسٹ ماسٹر جنرل جنوبی پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس جدید سروس کے آغاز سے اہلیان ملتان اپنے پیاروں کو خطوط اور تحائف کم از کم وقت اور ارزاں نرخوں پر ارسال کر سکیں گے۔