ٹنڈو آدم،06 ستمبر(اے پی پی): پورے ملک کی طرح ٹنڈوآدم میں بھی یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ گورنمنٹ نیو علی گڑھ بوائز کالج میں یوم دفاع کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں سمیت پیپلز پارٹی کے سینیٹرز، کالج کے پروفیسرز اور سٹاف اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر ملک امام الدین شوقین، پاک فوج کے میجر عبدالمجید، صوبیدار صداقت علی، پرنسپل مبین وسان، حر مجاہد غازی محمد ہاشم ہنگورو نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں طلباءنے قومی ترانے، سندھی، انگریزی اور اردو میں تقاریر پیش کیں۔ تقریب کے دوران آنے والے مہمانوں کو ثقافتی اعزاز اجرک سے نوازا گیا۔
اس موقع پر پاک فوج کے میجر عبدالمجید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ ملک بڑی قربانیوں کے بعد ملا ہے، اس ملک پر جو بھی مشکلات تھیں آج ہم اس میں سے نکل کر ترقی کے راستے پر گامزن ہیں۔ ہم اپنے ملک کے لیے جانیں قربان کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں، کسی دشمن کو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں ہے، پاک فوج کے جوان ملکی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کی کامیابی پاک فوج کی بہادری کا واضح ثبوت ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر ملک امام الدین شوقین نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہزار سال بھی لڑنا پڑے تو لڑیں گے اور گھاس بھی کھائیں مگر ایٹم بم بنائیں گے، پاک فوج کی قربانیوں کے صلے میں ہم اپنے گھروں میں سکون کی نیند سو سکتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل مبین وسان نے کہا کہ ہم حر فورس کی قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے جنہوں نے 1965 ءکی جنگ میں دشمن ملک کے خلاف بہادری سے مقابلہ کیا اور جوابی کارروائی کی، انہوں نے کہا کہ آج ہمارے ساتھ 1971 ءکی جنگ کے غازی محمد ہاشم ہنگورو بھی موجود ہیں، ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔
پاک فوج کے میجر عبدالمجید کی طرف سے کالج کے پرنسپل اور کمپیئر محمد بلال غوری کو انعامات جبکہ تقاریر کرنے والے طلباءکو تحائف اور اعزازی اسناد دی گئیں۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈو آدم اسد اللہ کھوسو، مختیارکار ٹنڈو آدم رحم علی زرداری، ایس ایچ او سٹی غلام حیدر بروہی اور وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی ملک ذوالفقار نے بھی شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر یوم دفاع کے حوالے سے کالج سے محمد چوک تک ریلی بھی نکالی گئی ، اس موقع پر زبردست نعرے لگائے گئے، قومی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے گئے، پاکستان کے پرچم کو سلامی دی گئی، شہداءاور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔











