سکھر۔ 08 ستمبر (اے پی پی):جے یو آئی ضلع سکھر کی جانب سے سکھر میں امن وامان کی صورتحال ،شہید صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری، ڈاکٹر عبدالجبار چاچڑ اور معصوم پریاکماری سمیت دیگر مغویاں کی بازیابی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ جے یو آئی کارکنان کی بڑی تعداد نے جامعہ حمادیہ منزل گاہ سکھر سے پریس کلب تک احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت جے یو آئی ضلع سکھر کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد صالح انڈھڑ نے کی۔ احتجاجی ریلی نے پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا اور نعرے بازی کی۔ جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں مفتی سعود افضل ہالیجوی ،حافظ عبدالحمید مہر ،قاری لیاقت علی مغل،مولانا محمد زبیر ،مولانا سیف اللہ سمائر،مولانا علی اکبر عباسی،مولانا عبدالکریم جونیجو، قاری عبدالغفار سومرو نے احتجاجی دھرنے سے خطاب کیا ۔ اس موقع پر مذکورہ رہنماؤں و علماء کرام کا کہنا تھا کہ ضلع انتظامیہ بلخصوص سکھر پولیس شہر سکھر میں امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے شہر میں ڈکیتی ، چوری ،رہزنی اور قتل ہو رہے ہیں ،بالا حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہیں کہ اس گھمبیر مسائل کے حل سمیت شہریوں کو تحفظ فراہم کرانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔











