پشین ؛ دفاع پاکستان کے سلسلے میں ووشو کنگفو چیمپین شپ کا انعقاد

27

پشین،10 ستمبر(اے پی پی): پشین کے چلڈرن پارک میں دفاع پاکستان کے  سلسلے میں  ووشو کنگفو  چیمپین شپ  کا انعقاد کیا گیا جس میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے  کھلاڑیوں کے درمیان مقابلے کرائے گئے، مقابلوں میں شریک ووشو کے سینکڑوں کھلاڑیوں نے اپنی مہارت کے جوہر دکھا کر شائقین سے خوب داد لی۔

منعقدہ تقریب کے مہمان خاص ڈپٹی کمشنر پشین کیپٹن (ر) جمیل احمد بلوچ تھے۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر،اسسٹنٹ کمشنر حرمزئی، پی آر او ٹو ڈائریکٹریٹ بلوچستان لیویز فورس و سینئر اینکر پرسن محب ترین، سابق کوارڈینٹر نور خان ترین ایڈوکیٹ اور یگر شریک تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بلوچستان میں کھیلوں کے میدانوں کو سجانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں میں شرکت انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے مقابلوں  کا انعقاد کرکے بچوں کو سازگار ماحول فراہم کیا جارہا ہے، طلباء ذہنی و جسمانی ورزش کیلئے صحت مندانہ کھیلوں میں ضرور حصہ لیں کیونکہ کھیلوں سے صلاحیتوں میں نکھار آتا ہے اور بچوں میں مثبت سرگرمیوں کا رجحان، بچوں کی شخصیت کو نکھار نے کا سبب بنتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشین کیپٹن (ر) جمیل احمد بلوچ نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ سے منشیات کے ٹھکانوں کا خاتمہ اور سپورٹس کے میدانوں کی بحالی اولین ترجیح ہے، منشیات کے لت سے نوجوانوں کو دور رکھنے کیلئے سخت اقدامات اٹھارہے ہیں۔

تقریب سے پی آر او ٹو ڈائریکٹر بلوچستان لیویز فورس محب ترین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشین کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے سپورٹس کے ہر میدان میں لوہا منوایا ہے، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور حکومتی سطح پر ایسے مزید ایونٹس منعقد کروانا ضروری ہے،ضلع  میں کھیل کے میدان ویران ہونے کی وجہ سے نوجوان نسل منشیات جیسی ناسور میں مبتلا ہورہے ہیں حکومت بلخصوص پشین کی ضلعی انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ منشیات کے اڈوں پر چھاپے مارکر گودام تباہ کریں اور کھیل کے میدانوں کو آباد کرکے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں۔

اختتام پر ووشو کنگ فو چمپئن شپ میں آفشلز اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم کئے گئے۔