عالمی مالیاتی ادارہ کے تعاون سے  ڈی جی خان کی سیلاب زدہ تحصیلوں میں فراہمی و نکاسی آب کے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

16

ڈیرہ غازی خان،12 ستمبر(اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایت پر عالمی مالیاتی ادارہ کے تعاون سے  ڈی جی خان ڈویژن کی سیلاب زدہ تحصیلوں میں فراہمی و نکاسی آب کے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر،تنزیل علوی،شہزاد قدیر اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔ اس موقع پرمنصوبہ کے اہم خدو خال پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا گیا کہ ورلڈ بنک کے تعاون سے پنجاب رورل سسٹین ایبل واٹر سپلائی اینڈ سینیٹشن پروگرام کے تحت پہلے فیز میں ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف،راجن پور کی روجھان اور مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کو فوکس کیا گیا ہے اور ورلڈ بنک نے پروجیکٹ پر کام شروع کرنے کی نوید سنادی ہے۔اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے سیلاب کی زد میں رہنے والی ان تحصیلوں میں میونسپل سروسز کی بہتری میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پینے کا صاف پانی انسان کی اہم بنیادی ضرورت ہے۔نکاسی آب بہتر ہونے اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے ماحول صاف ستھرا ہوگا جس سے انسانی صحت پر اچھے اثرات مرتب ہوں گےاور  کہا کہ ترقی اور مسائل کے حل کے لیے تمام محکموں کو ملکر کام کرنا ہوگا۔