ملتان،13 ستمبر(اے پی پی): جنوبی پنجاب میں واقع کچے کے علاقے میں مستقل بنیادوں پر امن و امان برقرار رکھنے کے لئے اہم اقدامات کا فیصلہ ، ضلع رحیم یار خان اور راجن پور کے کچے کے علاقے میں پولیس کے لئے 2 بیس کیمپس اور 19 چیک پوسٹیں تعمیر کی جائیں گی جبکہ پولیس کے لئے 3 بکتر بندگاڑیاں بھی خریدی جائیں گی،محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب نے اس مقصد کے لئے ایک ارب94 کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے۔
کچے کے علاقے میں انفراسٹرکچر کی ڈویلپمنٹ کے بارے میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے اجلاس کو بتایا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کچے کے علاقے میں انفراسٹرکچر کی ڈویلپمنٹ کے لئے پلان تیار کیا گیاہے جو کہ دو فیز پر مشتمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے فیز میں رحیم یار خان اور راجن پور کے کچے کے علاقے میں ایک ایک بیس کیمپ تعمیر کیا جائے گا جبکہ راجن پور میں 9 اور رحیم یار خان میں11 چیک پوسٹیں تعمیر کی جائیں گی۔
ایڈیشنل آئی جی پولیس پنجاب مقصودالحسن نے بتایا کہ پنجاب پولیس نے بڑی بہادری کے ساتھ کچے کے علاقے سے ڈاکوں کا قلع قمع کیا ہے اور اب مستقل بنیادوں پر اس علاقے میں امن قائم کرنے کے لئے لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب پولیس امن و امان میں خلل ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔
چیئرمین پی اینڈ ڈی پنجاب افتخار علی سہو نے اس موقع پر بتایا کہ کچے کے علاقے میں پولیس کے دو بیس کیمپس کی تعمیر کے لئے 91 کروڑ30 لاکھ روپے مختص کردیئے گئے ہیں جبکہ پولیس کی 19 چیک پوسٹوں کی تعمیر کے لئے 59 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس کے لئے تین بکتر بند گاڑیوں کی خریداری پر 44 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں پولیس کے لئے مزید 5 بکتر بندگاڑیاں خریدی جائیں گی۔افتخار علی سہو نے بتایا کہ حکومت فوری طور پر بیس کیمپس اور چیک پوسٹوں کی تعمیر کی خواہاں ہے۔
اجلاس میں بیس کیمپس اور چیک پوسٹوں کی تعمیر کے لئے جگہ کے تعین بارے چار رکنی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ کمیٹی متعلقہ ضلع کے ڈی سی، ڈی پی او اور محکمہ انہار اور محکمہ بلڈنگ کے ایکسین پر مشتمل ہوگی۔کمیٹی پانچ یوم کے اندر اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر، ایڈیشنل آئی جی پولیس ساوتھ پنجاب مقصود الحسن شریک ہوئے جبکہ چیئرمین پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ آر پی او ڈی جی خان،آر پی او بہالپور، ڈی پی او رحیم یار خان اور ڈی پی او راجن پور نے بھی اجلاس میں ورچوئل شرکت کی۔











