عارف والا،17ستمبر(اے پی پی ):استقبال ربیع الاول کے سلسلہ میں انٹرنیشنل میلاد کونسل کے سرپرست ٹکا محمد فرید خاں کی زیر قیادت جامع مسجد غلہ منڈی عارفوالا سے جلوس نکالا گیا جس میں عاشقان رسولﷺ نے ہاتھوں میں سبز پرچم اور بینرز اٹھا رکھے جن پر آمد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم کی تحریریں درج تھیں۔ جلوس میں جماعت اہلسنت کے صدر صوفی عبدالرشید ، علامہ فیاض احمد نقشبندی ، مفتی محمد سعید ، قاری افضل ضیاء المصطفی ،قاری محمد بشیر شاکر اور عاشقان رسولﷺ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
جلوس مختلف بازاروں سے گزر کر جناح چوک پہنچا جہاں پر عالمی شہرت یافتہ خطیب مولانا محمد کاشف چشتی اور علامہ محمد عمر فریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی دنیا میں تشریف آوری باعث رحمت اور آپؐ کی حیات مبارکہ ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکار مدینہ محمد عربی ﷺ کے بتائے ہوئے احکامات پر عمل کرکے دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔
آخر میں دعا بھی کی گئی جلوس کے ہمراہ پولیس ہائی الرٹ رہی جلوس پرامن طور پر بلدیہ کے سبزہ زار گرائونڈ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔