نارووال،21 ستمبر (اے پی پی):بابا گورو نانک دیو جی کی 484 جوتی جوت کی 3 روزہ تقریبات کا دوسرا روز، پاکستان بھارت سمیت دیگر ممالک سے سکھ یاتری کرتار پور پہنچ گئے، آج مرکزی تقریب نگر کیرتن کا جلوس بھارتی سرحد زیرو لائن تک نکالا جائے گا۔
بابا گورو نانک دیو جی کی 484 جوتی جوت کی تین روزہ تقریبات کرتار پور میں جاری ھے۔ کرتار پور انتظامیہ کے مطابق کرتار پور مین دیوان ہال میں ارنبھتا سری اکھنڈ پاٹھ صاحب کی رسم ادا کر دی گئی، آنے والے سکھ زائرین 4 بجے سہ پہر سیوا نشان صاحب اور شام کی عبادات کریں گے، کرتار پور میں آج نگر کرتن کا مرکزی جلوس مین ہال سے لیکر زیرو لائن تک نکالا جائے گا، کرتار پور میں بھوگ سری اکھنڈ پاٹھ صاحب کی الوداعی تقریب 22 ستمبر کو مین دیوان ہال میں ہو گی۔
پاکستان اور دیگر ممالک سے آنے والے سکھ یاتری 3 روزہ قیام کے بعد واپس روانہ ہو جائیں گے۔ انڈین کرتار پور راہداری سے آنے والے سکھ یاتری روزانہ کی بنیاد پر واپس لوٹ جائیں گے جبکہ کرتار پور میں سکھ یاتریوں کے لیے وسیع تر لنگر اور سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
الوداعی تقریب بھوگ سری اکھنڈ پاٹھ 22 ستمبر کو کرتار پور میں ہو گی۔