کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کا  ضلع قصور کا دورہ، بلھے شاہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مختلف سنٹرز کا افتتاح کیا

9

قصور،21ستمبر(اے پی پی ): کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے ضلع قصور کا دورہ کیا،ڈپٹی کمشنر قصور محمد ارشد بھٹی بھی ان کے ہمراہ تھے،کمشنر لاہور نے بابا بلھے شاہ ڈی ایچ کیو،ڈی پی ایس کا دورہ کیا اورضلعی افسران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی۔

کمشنر لاہور نے ڈی پی ایس سکول قصور میں بچوں کیلئے پہلے آٹزم سنٹر کا افتتاح پرنسپل ڈی پی ایس سے کرایا۔انہوں نے بابا بلھے شاہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ایمرجنسی،فارمیسیز اور ادویات سٹورز کا خصوصی دورہ کیااورہسپتال میں نئے اوپی ڈی فارمیسی،یورالوجی وارڈ،ڈائیلاسز سنٹر،کلینکل لیبارٹری ،کارڈیک سنٹر ، ہیلتھ انفارمیشن مینجمنٹ سنٹر کا بھی افتتاح کیا۔انہوں نے کہا کہ بابا بلھے شاہ ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات میں مرحلہ وار اضافہ ہوا ہے ،مزید بہتری لائیں گے۔

کمشنر لاہور نے ضلع قصور کے سکولز،کالجز اور ہسپتالوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامی افسران اپنے فرائض کو دیانتداری سے سرانجام دیں ۔انہوں  نے قصور کالجز وسکولز کی کارکردگی کی رپورٹ اے ڈی سی جی کو مرتب کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ قصور میں تجاوزات و غیر قانونی تعمیرات پر سخت کارروائی کی جائے ۔