حکومتی کوششوں سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں واضح کمی آ ئی؛ وفاقی وزراء

14

لاہور،21ستمبر  (اے پی پی):نگراں  وفاقی وزیر تجارت، صنعت و پیداوار گوہر اعجاز اور نگراں وفاقی وزیر برائے توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ صنعتکاروں کے مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے،حکومتی کوششوں سے اوپن  مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں واضح کمی آ ئی،بجلی چوری کے خلاف سخت اقدامات کر رہے ہیں،گیس کی قیمتوں کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا،نارتھ اور ساؤتھ میں گیس کی قیمتوں میں فرق ختم کیا جائے گا۔

 ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک اعلی سطحی اجلاس اور اپٹما ہاؤس میں صنعتکاروں کے مسائل سننے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔نگراں  وفاقی وزیر تجارت، صنعت و پیداوار گوہر اعجاز نے کہا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھارہے ہیں اور اس کے تحت وہی سامان آنے دیا جائے گا جس کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کی بڑھتی قیمت کی ایک بڑی وجہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ بھی ہے جس کی سختی سے نگرانی کی جارہی ہے تاکہ اس کی وجہ سے ڈالر کی قیمت نہ بڑھے اور سمگلنگ کی روک تھام بھی ہو۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کی ان پٹ، خام مال درآمد کیے جاتے ہیں جبکہ انرجی کی قیمت بھی انٹرنیشنل قیمت سے منسلک ہے ۔

  گوہر اعجاز نے کہا کہ کرنسی ڈی ویلیو ہونے کی وجہ سے ایکسپورٹ کو فائدہ نہیں ہوا بلکہ یہ کم ہوئی۔ کریک ڈان کے اچھے نتائج برآمد ہوئے اور ڈالر کی قیمت نیچے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے صدر نے مسائل کی درست نشاندہی کی اور بطور بزنس مین انہیں متعلقہ پلیٹ فارم پر اٹھاتے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں گیس کی سپلائی میں امتیاز اور قیمتوں میں فرق سے ترقی کا عمل متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ریجن میں بجلی کی قیمت سات سینٹ جبکہ ہمارے ملک میں چودہ سینٹ ہے تو ان ممالک کا کیسے مقابلہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کو چھوڑ کر ملک کے بقیہ تمام سیکٹرز کی مینوفیکچرنگ پانچ ارب ڈالر جبکہ ایتھوپیا کی دس ارب ڈالر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر ملک کا اثاثہ ہیں، ملک کے استحکام کے لیے سب کو مل کر کھڑا اور کام کرنا ہوگا۔

نگراں وفاقی وزیر برائے توانائی محمد علی نے کہا کہ گیس کی قیمتیں ہمیشہ ایک تشویشناک مسئلہ رہا ہے، جلد ہی ان میں تبدیلی کا اعلان کیا جائے گا۔ راتوں رات انرجی کی قیمتیں کم کرنا ممکن نہیں، آئی ایم ایف پروگرام کے انڈر ہیں اور دیکھ بھال کر اقدامات اٹھانا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ نارتھ میں گیس کی قیمت ساتھ کے مقابلے میں زیادہ ہیں ، ساؤتھ میں بھی گیس کی قیمت بڑھاکر فرق کم کیا جائے گا۔  انہوں نے کہا کہ ملک میں ایل این جی امپورٹ کے لیے دو ٹرمینل ہیں، انہیں پوری کپیسٹی پر چلائیں تو بھی گیس کی شارٹیج کم نہیں ہوگی۔ جو لانگ ٹرم کنٹریکٹ کیے ہیں وہ ناکافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف ایکشن جاری ہے اور پچھلے صرف دس روز میں چھ ارب روپے ریکور کیے گئے ہیں۔

لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کے ساتھ حالیہ اعلی سطحی ملاقات پر ان کا شکریہ ادا کیاجس میں انہوں نے ، جس نے سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیا، جس کے بہت مثبت معاشی نتائج برآمد ہوئے۔

صدر لاہور چیمبر نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے قیام اور خسارے میں چلنے والے پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کی نجکاری کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے روپے کو مستحکم کرنے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے لیٹرز آف کریڈٹ (LCs) کھولنے کی عجلت پر زور دیا، جو کہ کاروباری برادری میں تشویش کا باعث ہے، اور بندرگاہوں پر کنٹینرز ریلیز کرنے کا عمل تیز کرنے پر زور دیا۔

کاشف انور نے پالیسی ریٹ میں مزید اضافہ نہ کرنے کے دانشمندانہ فیصلے پر حکومت کی تعریف کی اور معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے مزید کمی کی حوصلہ افزائی کی۔ ،بجلی چوری کے خلاف سخت اقدامات کر رہے ہیں،گیس کی قیمتوں کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔

و فاقی وزیر صنعت و تجارت گوہر اعجاز نے کہا کہ صنعتکاروں کے مسائل کا تدارک کر کے حل کر رہے ہیں،معیشت کی بہتری کیلئے تاجر ، صنعتکار اہم کر دار ادا کر رہے ہیں۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی نے کہا کہ گیس کی قیمتوں کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا،کوشش کر رہے ہیں کہ کمزور طبقے پر بوجھ نہ پڑے اور گیس کی قلت پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف سخت اقدامات کر رہے ہیں،اب تک 6 ارب روپے کی بجلی چوری کو روکا جا چکا ہے،آئی ایم ایف کے پروگرام کا حصہ ہیں اس لئے بجلی کی قیمتوں میں بڑی سبسڈی ممکن نہیں۔