قائد اعظم کو بلوچستان کے لوگوں سے خاص انس و لگاﺅتھا،نگران وزیراعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی

14

زیارت ،21ستمبر(اے پی پی ):نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح ؒکو بلوچستان اور یہاں کے لوگوں سے خاص انس اور لگاﺅتھا،قائد ریزیڈنسی اہل بلوچستان کا ایک بیش بہا اثاثہ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے اپنے پہلے ایک روزہ سرکاری دورے پر زیارت پہنچ کر کیا ، جہاں انہوں نے قائد اعظم ریزیڈنسی کا دورہ کیا۔قائد ریزیڈنسی پہنچنے پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے نگران وزیر اعلیٰ کو سلامی دی ۔اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے قائد ریزیڈنسی کے مختلف حصے دیکھے ، یادگاری پودا لگایا اور رجسٹر پر اپنے تاثرات لکھے ۔

اس موقع پر  نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان سے قبل جدوجہد آزادی اور بعد میں نو زائیدہ مملکت کے امور قائد اعظم یہاں سے چلاتے رہے ۔ قائد اعظم نے قیام پاکستان سے قبل اور بعد اس صوبے کے متعدد دورے کئے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے 14 نکات میں بلوچستان کی اصلاحات کا مطالبہ بھی شامل تھا ۔