کراچی، 22 ستمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر تجارت، صنعت و پیداوار ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کو تقویت دینے کے ساتھ کیپٹل مارکیٹس کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔
یہ بات انہوں نے جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج( پی ایس ایکس) کے دورے کے موقع پربورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں پی ایس ایکس کے ڈائریکٹرز بشمول جاوید قریشی، احمد چنائے اور ندیم نقوی سمیت سیکیورٹیز بروکرز اور کیپیٹل مارکیٹ کے نمائندے موجود تھے۔ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ نگراں حکومت معیشت کے مختلف شعبوں میں جامع اور مربوط اقدامات کر رہی ہے جس سے قومی معیشت مستحکم اور مضبوط ہو گی۔پی ایس ایکس کے ایم ڈی اور سی ای او فرخ خان نے ڈیجیٹل آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے کیپٹل مارکیٹ کا جائزہ پیش کیا اور کیپٹل مارکیٹ کی نمو کے امکانات، جی ڈی پی کے تناسب سے مارکیٹ کیپٹلائزیشن اور دیگر متعلقہ امور سے آگاہ کیا اور معیشت میں اس کے کردار کو بڑھانے کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پی ایس ایکس کیپٹلائزیشن ٹو جی ڈی پی کا تناسب خطے میں سب سے کم ہے اور اس سلسلے میں مارکیٹ کو بڑھانے کے لیے ایس ای سی پی کی قابل رہنمائی کے ساتھ ساتھ مارکیٹ کو حکومت کے تعاون کی ضرورت ہے۔انہوں نے وفاقی وزیر کے دورے اور کیپیٹل مارکیٹ کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقات کو کیپیٹل مارکیٹ کے شرکا اور اداروں بشمول معروف بروکریج ہائوسز اور کمیونٹی کے لیے حوصلہ افزائی کی علامت قرار دیا۔مارکیٹ کے دیگر شرکا بشمول سیکیورٹیز بروکرز اور کیپٹل مارکیٹ کے نمائندوں نے وفاقی وزیر کو کیپٹل مارکیٹ کی مکمل صلاحیت اور ترقی کی راہ میں درپیش چیلنجوں سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر نے تمام شرکا کو غور سے سنا اور انہیں بتایا کہ حکومت کے پاس مسائل کو حل کرنے اور کیپٹل مارکیٹ کے ذریعے معیشت کو فروغ دینے کے لیے شعبہ جاتی منصوبے موجود ہیں۔











