حب،25ستمبر(اے پی پی ): کینیڈا میں مقیم سکھ رہنماء ہردیپ سنگھ کے قتل کے خلاف حب کے مقیم سکھ اور اقلیتی برادری کی جانب سے لسبیلہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ریلی نکالی گئی ۔ریلی کے شرکاء نے مودی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔مظاہرین مین آر ڈی شاہراہ حب سے گشت کرتے ہوئے لسبیلہ پریس کلب حب کے سامنے پہنچے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
اس موقع پر سکھ برادری اور اقلیتی برادری کے رہنماؤں نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں مقیم سکھ رہنماء ہردیپ سنگھ کے بے رحمانہ اور ظالمانہ قتل کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سکھ رہنماؤں کا قتلِ عام فوری طور پر بند کیا جائے، ہم اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے پرزور اپیل کرتے ہیں اس بے رحمانہ اور ظالمانہ قتل کا فوری نوٹس لیا جائے اور قتل کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائے ۔
مظاہرین نے کہا کہ سکھ رہنماء ہردیپ سنگھ کے قتل میں ملوث قاتلوں کو فوری طور گرفتار کرکے انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سکھ کمیونٹی کی ٹارگٹ کلنگ فوری طور پر بند کی جائے۔