بدین ، 26 ستمبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر بدین عبدالفتاح ہلیو کی جانب سے ضلع کے تمام ٹرانسپورٹرز یونین کے سربراہان کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ الیکشن میں دیگر محکموں کے ساتھ ٹراسپورٹرز کا بھی اہم کردار رہا ہے ان کے تعاون سے الیکشن کی تیاریوں میں آسانی ہو جاتی ہے۔انہوں نے ٹرانسپورٹ رہنماؤں کو یقین دھانی کراتے ہوئے کہا کہ الیکشن ڈیوٹی میں استعمال ہونے والی تمام گاڑیوں کو سرکار کی جانب سے جاری کردہ معاوضہ دیا جائے گا جس پر ٹرانسپورٹ رہنماؤں نے یقین دلایا کہ جنرل الیکشن میں وہ ضلع انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے، مطلوبہ گاڑیاں الیکشن کے لیئے دیں جائیں گی ۔
ڈپٹی کمشنر بدین عبدالفتاح ہلیو نے کہا کہ ٹرانسپورٹ مالکان اپنی گاڑیاں اپنے اڈوں تک محدود رکھیں، سواری کے لیے شہر کے بیچ روڈوں پر گاڑیاں لوڈ نہ کریں، روڈ پر گاڑیاں کھڑی کرنے سے شہر میں ٹریفک جام ہو جاتا ہے ۔انہوں نے سیکریٹری آر ٹی بدین سعود الرحمان جمالی کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ گاڑیوں کی فٹنیس چیک کریں اور سرکار کی جانب سے جاری کردہ کرائے پر عمل کرائیں۔
انہوں نے ٹریفک پولیس کے انچارج درویش کو بھی ہدایات دیں کہ وہ سیکریٹری آر ٹی کے ساتھ مل کر پبلک گاڑیوں سے گیس سلینڈر نکلوائیں، ان گیس سیلینڈر کے باعث کئی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکلز میں گیس کٹ لگانا انتہائی خطرناک ہے، ایکسیڈنٹ کی صورت میں زیادہ نقصان کا اندیشہ ہے۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر بدین رابیہ سید ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن افسر سرفراز سموں، ٹرانسپورٹر رہنما اور دیگر نے بھی شرکت کی۔











