جیکب آباد؛کھاد اور چینی سمیت دیگر مصنوعات ذخیرہ کرنے والے تاجروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

22

جیکب آباد،27 ستمبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر دادلو خان زہرانی کی زیر صدارت کانفرنس حال میں اجلاس منعقد ہوا، جس دوران کھاد اور چینی سمیت دیگر مصنوعات ذخیرہ کرنے والے تاجروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔

 ڈپٹی کمشنر دادلو زہرانی نے مختلف اداروں کے عملداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ چینی اور کھاد سمیت دیگر اشیاء ذخیرہ کرنے والے تاجروں کی فوری نشاندہی کی جائے تاکہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔انہوں نے ضلع جیکب آباد کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گوشت، مرغی، دالیں، آٹا، چاول، چینی اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والے تاجروں کے خلاف کارروائی کی جائے،کل سے اس پر عمل ہونا چاہیے، دکانداروں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے اور سرکاری قیمت پر اشیاء کی فروخت کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں ضلع جیکب آباد کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، مختارکار، محکمہ پولیس کے افسران، مختلف ایجنسیوں کے افسران نے شرکت کی۔