ساہیوال،27ستمبر(اے پی پی):کمشنر شعیب اقبال سیدنے کہا ہے کہ پسپ پراجیکٹ کے منصوبوں کی تکمیل سے ساہیوال کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی وافر فراہمی ممکن ہو گی اور شہر کے سیوریج کے مسائل حل ہونگے، ضرورت اس امر کی ہے کہ جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ انہیں بروقت مکمل کیا جا سکے،منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر سے شہری شدید مسائل کا شکار ہیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جانا ضروری ہے۔
انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ایشیائی ڈویلپمنٹ بنک کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہی جس نے پسپ پروگرام کا جائزہ لینے کے لئے شہر کا دورہ کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال اکرام الحق، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی پروگرام ڈائریکٹر پسپ عمر طیب، ایشیائی ڈویلپمنٹ بنک کے نمائندوں محمد ارسلان اور محمد ریحان، چیف انجینئر پسپ محمد طاہر اور سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان نے بھی شرکت کی۔
کمشنر شعیب اقبال سیدنے پینے کے صاف پانی کے جاری منصوبے میں شہر کی رہ جانے والی 2 یونین کونسلز کو بھی شامل کرنے کی تجویز دی تاکہ اس منصوبے سے تمام شہریوں کو یکساں فائدہ پہنچ سکے۔انہوں نے چینی کمپنی کی طرف سے کام کی سست رفتاری کا معاملہ بھی اٹھایا۔
کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے شہر کے لئے جدید لینڈ فل سائیٹ کو فعال کرنے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ شہر کے کوڑا کرکٹ کو جدید طریقوں سے ڈسپوز کیا جا سکے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر میں جاری تمام منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا گیا ہے جس سے انہیں ٹائم فریم کے اندر مکمل کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔
بعدمیں وفد نے علامہ اقبال روڈ، ہائی سٹریٹ روڈ، فتح شیر روڈ، جھال روڈ اوور ہیڈ برج اور پاک پتن روڈکا دورہ کیا اور جاری منصوبوں کا معائنہ کیا اور ان پر کام کے معیار کو چیک کیا اور یقین دلایا کہ جاری تمام منصوبے جون2024تک مکمل کر لئے جائیں گے۔











