پشاور،28ستمبر(اے پی پی): آئی جی خیبر پختونخواہ اختر حیات خان نے ملک سعد شہید پولیس لائنز میں نو تعمیر شدہ یادگارِ شہداء پولیس کا افتتاح کیا۔اس موقع پر سی سی پی او پشاور سید اشفاق انور، ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی، ایس ایس پی انوسٹی گیشن اشفاق احمد، ایس پی ہیڈ کوارٹرز رحیم حسین سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے، مہمان خصوصی کا ملک سعد شہید پولیس لائنز پہنچنے پر پولیس افسران نے استقبال کیا، جبکہ پولیس کے چاق وچوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی ، آئی جی پی نے یاد گار پولیس شہدا پر پھول چڑھائے ،جبکہ پولیس شہدا کی یاد میں پودا بھی لگایا۔
اس موقع آئی جی خیبر پختونخواہ اختر حیات خان نے کہا کہ خیبر پختونخواہ پولیس مثالی اور بہادروں کی فورس ہے، شہیدوں اور غازیوں کی بدولت امن وامان قائم ہے،خیبر پختونخواہ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہیدوں کا لہو رائیگاں جانے نہیں دیا جائے گا نیز یہ کہ ملک وقوم کی خاطر جان قربان کرنے والوں کو دنیا ہمیشہ یاد رکھتی ہے،خیبر پختونخواہ پولیس اپنے شہدا کو ہمیشہ یاد رکھے گی، جبکہ ان کے لواحقین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں زخمی ہونے والے غازی اہلکار بھی خیبر پختونخواہ پولیس کا اثاثہ ہیں ۔
آئی جی پی خیبرپختونخواہ اختر حیات خان نے کہا ہے کہ ہمارے شہیدوں کا سرمایہ افتخار یہ ہے کہ آئی جی سے لیکر سپاہی تک ملک وقوم اور وطن عزیز کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ، خیبر پختونخواہ بلخصوص پشاور کی کوئی ایسی شاہراہ،گلی اور پولیس اسٹیشن نہیں ہے جن میں ہمارے غیور شہدا وں کا خون نہ بہا ہو،درحقیقت شہداء زندہ ہیں جو کہ حق کی راہ میں شہید ہو ئے ،پولیس کے شہدا ء اور غازیوں نے نہ صرف اس مٹی کی حفاظت کیلئے جان نچھاور کی بلکہ وطن عزیز کی بقاءاور سلامتی کیلئے ملک دشمن عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا،خیبر پختونخواہ او ر بلخصوص پشاور کے شہدا ءاور غازیوں کی قربانیاں نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی جانی اور مانی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یادگار شہدا پولیس کے افتتاح پر ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ جب وطن کی حفاظت کیلئے شہادتوں کی ضروت پڑی تو نہ جھکنے اور شہادتوں کی روایت برقرار رہے گی۔